Live Updates

ن لیگ نے تحریک انصاف کی آواز نہ سنی تو کرپشن کے خلاف احتجاجی دھرنے پر مجبور ہونگے‘چوہدری محمد سرور

‘ جب چاہیں حکمرانوں کے خلاف دما دم مست قلندر کر دیں گے‘ قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو

اتوار 24 اپریل 2016 17:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2016ء) سابق گورنر پنجاب و تحریک انصاف پنجاب کے صدارتی امیدوار چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ن لیگ نے تحریک انصاف کی آواز نہ سنی تو کرپشن کے خلاف احتجاجی دھرنے پر مجبور ہونگے‘ حکمرانوں کے سوا ہر پاکستانی کرپشن کے خاتمے میں سنجیدہ ہے‘ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی اور عوامی قوت بن چکی ہے‘ جب چاہیں حکمرانوں کے خلاف دما دم مست قلندر کر دیں گے‘ ملک میں کرپشن ختم نہ ہوئی تو مسائل میں کمی نہیں اضافہ ہوتا رہے گا‘ یوم تاسیس میں کارکنوں کے جوش و خروش نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام تحریک انصاف کے ساتھ ہیں۔

وہ اتوار کے روز قذافی اسٹیڈیم میں تحریک انصاف کے یوم تاسیس کاروان کی اسلام آباد روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقع پرجہانگیر ترین‘عبدالعلیم خان‘ سابق صدر پنجاب اعجاز احمد چوہدری‘ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید‘ رکن پنجاب اسمبلی میاں اسلم اقبال‘ ڈاکٹر نوشین حامد سمیت تحریک انصاف کے ہزاروں کارکنان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ عمران خان حکمرانوں کے بنائے ہوئے کمیشن کو مسترد کر چکے ہیں اس لئے تحریک انصاف کو ایسی کسی کمیشن اعتبار نہیں اور موجودہ حکمران اپنی کرپشن کو بچانے کیلئے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران تحریک انصاف کی آواز نہ سن کر اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار رہے ہیں اور ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ اگر پاناما لیکس کے معاملے پر تحریک انصاف کے تحفظات دور نہ ہوئے تو لاہور میں احتجاجی دھرنا لینے پر مجبور ہونگے اور پھر حکومت نہیں چل سکے گی۔

چوہدری محمد سرور نے مزید کہا کہ عمران خان کی حکومتی کرپشن کے خلاف تحریک میں جو بھی جماعت تحریک انصاف کا ساتھ نہیں دے گی وہ اپنی سیاسی موت مر جائے گی کیونکہ عوام ایسے کرپٹ حکمرانوں کی حمایت میں کسی کو بھی برداشت کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی تبدیلی کی جنگ کامیابی سے جاری ہے اور انشااللہ آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف ہی کامیاب ہو گی اور ملک میں کرپشن سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے تاریخی اقدامات کر کے ثابت کر دینگے کہ ملکی مسائل کا حل صرف تحریک انصاف کے پاس ہے۔

اعجاز احمد چوہدری نے کہا کہ کرپشن اور لوٹ مار ہی حکمرانوں کا اصل مشن ہے جس کے خلاف تحریک انصاف سڑکوں پر آنے کو تیار ہے‘ عمران خان جو بھی حکم دیں گے تحریک انصاف کا ہر فرد اس پر مکمل عمل کریگا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اپنی آئینی مدت پوری کرتی نظر نہیں آ رہی۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ نواز شریف کو آج نہیں تو کل گھر جانا پڑے گا اور آنیوالی حکومت کسی اور کی نہیں تحریک انصاف کی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کے معاملے پر حکمرانوں کا کمیشن ایک شعبدہ بازی کے سوا کچھ نہیں اور ایسے کمیشن کا مقصد صرف اور صرف اپنی کرپشن اور لوٹ مار کر بچانا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات