جنرل ہسپتال میں سیکورٹی مزید بہتر بنانے کیلئے ریٹائر کرنل کی خدمات حاصل کی گئیں ‘ڈاکٹر خالد محمود

علاج کیلئے آنے والے بیمار صبر و تحمل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا کریں ، مریض کے ساتھ صرف ایک تیمار دار ہو گا ‘ پرنسپل پی جی ایم آئی

اتوار 24 اپریل 2016 16:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2016ء ) جنرل ہسپتال میں سیکورٹی کے انتظامات مزید موثر بنانے کے لئے ایک ریٹائر کرنل کی بحیثیت چیف سیکورٹی آفیسر خدمات حاصل کر لی گئی ہیں - دوران ڈیوٹی ڈاکٹروں ،نرسوں اور پیرامیڈکس کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے ہسپتال کے احاطہ میں موجو د پولیس چوکی میں تعینات اہلکاروں کی تعداد 4 سے بڑھا کر 15 کر دی گئی ہے جن کا انچارج ایک سب انسپکٹر ہو گا - یہ بات پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے ایک اجلاس میں بتائی - انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ا کیڈمک کونسل کے ہنگامی اجلاس میں ایک مریض کے لواحقین کی جانب سے ڈاکٹروں پر تشدد کے واقعہ کی شدید مذمت کی گئی- اجلاس کے شرکاء نے اسے قانونی و اخلاقی اقدار کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کے لئے پولیس حکام کو پرزور سفارش کی جائے گی -انہوں نے کہا کہ آئندہ ایسی صورتحال سے بچنے کے لئے ہسپتال کی سیکورٹی پر مامور نجی سیکورٹی کمپنی کے اہلکاروں کی تعداد میں فوری اضافے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے - پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ ایمرجنسی و دیگر زیادہ رش والے وارڈوں میں تربیت یافتہ سابق فوجی مسلح گارڈ اور پولیس ملازمین تعینات کئے جائیں گے - انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ سیکورٹی کے لئے تعینات کئے جانے والے ہسپتال ملازمین کو یونیفارم پہننے کا پابند بنائیں جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر موقع پر پہنچیں - انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں مزید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئیے جا رہے ہیں ڈیوٹی پر موجود اے ایم ایس اور ڈی ایم ایس سیکورٹی پر مامور اہلکاروں کی حاضری کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر ایم ایس کو دینے کے پابند ہوں گے - پروفیسر خالد محمود نے ایم ایس اور انتظامی ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ وہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق ایک مریض کے ساتھ صرف ایک تیمار دار کی موجود گی پر سختی سے عمل کروائیں کیونکہ وارڈ میں لواحقین کے رش کی صورت میں ڈاکٹر و طبی عملہ کو مریض کو موثر طبی امداد فراہم کرنے میں مشکلات درپیش آتی ہیں - پرنسپل نے زیر علاج مریضوں کو ملنے کے لئے مقررہ اوقات کی سختی سے پابندی کرانے کی ہدایت کی -انہوں نے کہا کہ پولیس حکام کی مشاورت سے ہسپتال کے ماحول کو پرامن رکھنے کے لئے نئے ایس او پیز تیار کئے جا رہے ہیں -پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ دوران علاج صبر و تحمل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں کیونکہ طبی عملے کیلئے ہسپتال میں آنے والا ہر مریض اہم ہے اور معا لجین و دیگر ملازمین تمام مریضوں کی یکساں طور پر دیکھ بھال کرتے ہیں -