Live Updates

عمران خان ناکامی کے بعد اب سیاست چھوڑدیں،ان کے جلسے مسلسل ناکام ہورہے ہیں‘عرفان دولتانہ

اورنج لائن ٹرین کی مخالفت کرنے والے آنکھیں کھولیں وہ اس منصوبے پر سیاست نہ کریں ‘رکن پنجاب اسمبلی

اتوار 24 اپریل 2016 16:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2016ء ) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ عمران خان ناکامی کے بعد اب سیاست چھوڑدیں،ان کے جلسے مسلسل ناکام ہورہے ہیں ،ان کو علم نہیں کہ عوام ان سے کتنی نفرت کرتے ہیں ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عمران خان نے ہمیشہ ملک کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کی ہے تحریک انصاف کااحتجاج ناکام ہوگیا ۔

اس سے پہلے اپوزیشن کے تمام احتجاج ناکام ہوتے رہے ہیں اورنج لائن ٹرین کی مخالفت کرنے والے آنکھیں کھولیں وہ اس منصوبے پر سیاست نہ کریں ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان تعصب کی عینک اتاریں،دنیا جانتی ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کا روٹ ٹریفک کاؤنٹ سروے کروانے کے بعد باقاعدہ تحقیق کر کے اختیار کیا گیا ہے علی ٹاؤن رائے ونڈ روڈ سے ڈیرہ گجراں جی ٹی روڈ تک ٹریک کی کل لمبائی 27کلو میٹر ہے جس پر 26سٹیشن تعمیر کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

یہ ٹریک شہر کے مصروف اور گنجان آباد علاقوں سے گزرے گا اور اس سے روزانہ اڑھائی لاکھ سے زائد شہری مستفید ہوں گے۔ چنانچہ یہ کہنا سراسر غلط ہے کہ اس کے روٹ میں بار بار تبدیلیاں کی جا رہی ہیں ۔میٹرو ٹرین کے راستے کے اطراف میں واقع تاریخی عمارتوں کے تحفظ کیلئے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے ساتھ ساتھ اس کا ٹریک بھی ممکن حد تک ان عمارتوں سے دور رکھنے کیلئے اضافی اخراجات کئے جا رہے ہیں ۔شالامار باغ سے ٹرین کا ٹریک کم از کم 29میٹر دور رکھنے لئے 35کروڑ روپے سے ساڑھے چار کنال ( 85مرلے) اراضی خصوصی طور پر ایکوائر کی جارہی ہے ۔ٹرین کو چوبرجی سے بھی ممکن حد تک (16میٹر یا 52.5فٹ ) دور رکھنے کے لئے 9کروڑ روپے سے ڈیڑھ کنال (30مرلے)اراضی حاصل کی جارہی ہے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات