چوہدری سرور نے خصوصی کنٹینر تیار کرایا ،مرکزی رہنما قذافی اسٹیڈیم سے موٹر وے پر چڑھنے تک کنٹینر پر سوار رہے

چوہدری سرور کے قافلے میں دوسے ڈھائی ہزار ،شفقت محمود کی قیادت میں قافلے میں تین سے چار سو کارکن روانہ ہوئے ‘ غیر جانبدار حلقے

اتوار 24 اپریل 2016 15:00

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف کے یوم تاسیس میں شرکت کیلئے مرکزی و صوبائی رہنماؤں کی قیادت میں کارکنوں کے دو قافلے لاہور سے روانہ ہوئے ، چوہدری سرور کی طرف سے خصوصی کنٹینر تیار کرایا گیا جس پر سوار ہو کر رہنماؤں نے کارکنوں کے قافلے کی قیادت کی ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پارٹی کے بیسویں یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کیلئے کارکن صبح سویرے قذافی اسٹیڈیم اور ناصر باغ پہنچنا شروع ہو گئے جس میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک تھی ۔

اس موقع پر کارکن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے اپنی قیادت کے حق میں اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔ قذافی اسٹیڈیم میں جمع ہونے والے رہنما جہانگیر ترین ، چوہدری سرور، عبد العلیم خان ، اعجاز چوہدری، محمود الرشید ، جمشید اقبال چیمہ اور دیگر خصوصی تیار کئے گئے کنٹینر پر سوار ہو کر کارکنوں کے قافلے کی قیادت کرتے ہوئے موٹر وے پہنچے جس کے بعد رہنما اپنی گاڑیوں میں سوار ہو گئے اور قافلے کی رفتار بڑھا دی گی ۔

(جاری ہے)

شفقت محمود ،ولید اقبال ، عمر سرفراز چیمہ ، سلونی بخاری ،رائے عزیز اﷲ اور دیگر کی قیادت میں ناصر باغ میں جمع ہونے والے کارکن بھی قافلے کی صور ت میں موٹر وے پر پہنچے۔ دونوں قافلوں میں شریک رہنماؤں اور کارکنوں کا مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپوں میں بھرپور استقبال کیا گیا ۔ پی ٹی آئی کے رہنما یاسر گیلانی کی قیادت میں کارکنوں کا قافلہ شاہدرہ سے روانہ ہوا ۔

روانگی سے قبل کارکنوں نے خوب ہلہ گلہ کیا اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے سیلفیاں بناتے رہے۔حساس اداروں اور غیر جانبدار حلقوں کے مطابق قذافی اسٹیڈیم سے روانہ ہونے والے قافلے میں دو سے ڈھائی ہزار جبکہ ناصر باغ سے تین سے چار سو کارکن روانہ ہوئے جبکہ انجینئر یاسر گیلانی کے قافلے میں ڈیڑھ سو کے قریب کارکن شریک تھے ۔