کراچی کے بعد لاہور ‘ کوئٹہ ‘ پشاور اور دیگر شہروں میں بھی جلسے کریں گے‘ ایم کیو ایم کی وکٹیں گرانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے‘ مرکزی دفتر کا جلد افتتاح کیا جائے گا

پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس قائمخانی کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 24 اپریل 2016 14:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2016ء) پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس قائمخانی نے کہا ہے کہ کراچی کے بعد لاہور کوئٹہ پشاور اور دیگر شہروں میں بھی جلسے کریں گے‘ ایم کیو ایم کی وکٹیں گرانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے‘ مرکزی دفتر کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔ وہ اتوار کو یہاں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی عوام پی ایس پی کے جلسے میں شرکت کرکے دنیا کو حقیقت بتلا دے گی کہ وہ را کے ایجنٹ نہیں بلکہ محب وطن پاکستانی ہیں۔

(جاری ہے)

عوام ثابت کرے گی کہ وہ لسانیت پر نہیں بلکہ پاکستانیت پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی مزید اہم شخصیات ہماری پارٹی میں شامل ہوں گی ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے ایم کیو ایم کی وکٹیں گراتے رہیں گے۔ انیس قائمخانی نے کہا کہ را کے ایجنٹوں کا کام صرف الزام لگانا ہے۔ آئندہ پندرہ دنوں میں لاہور‘ کوئٹہ پشاور اور دیگر شہروں میں بھی جلسوں کا اعلان کریں گے۔ ہماری پارٹی کا مرکزی دفتر تعمیر ہورہا ہے بہت جلد افتتاح کریں گے۔