جماعت اسلامی جوڈیشل کمیشن کے لیے حکومتی ضابطہ کارکو مسترد کرتی ہے ٗسراج الحق

اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ تحقیقاتی کمیشن کیلئے خود چیف جسٹس کو خط لکھیں ٗ میڈیا سے گفتگو

اتوار 24 اپریل 2016 14:28

مردان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2016ء) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی جوڈیشل کمیشن کے لیے حکومتی ضابطہ کارکو مسترد کرتی ہے ، اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ تحقیقاتی کمیشن کیلئے خود چیف جسٹس کو خط لکھیں اورکمیشن کا ضابطہ کار سب کے باہمی مشورے سے بنایا جائے۔

(جاری ہے)

مردان سے لاہور روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اعتراف کرتا ہوں اپوزیشن میں بھی کرپٹ عناصر موجود ہیں تاہم پانامالیکس پرپہلے وزیراعظم اورانکے خاندان پرالزامات کی تحقیقات کرائی جائیں ۔

سراج الحق نے کہا کہ اس اہم موڑ پر اپوزیشن خود کو تقسیم ہونے سے بچائے ٗوقت آگیاہے سیاسی جماعتیں اپنی صفوں سے کرپٹ عناصرکوباہر نکالیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر لوٹی ہوئی دولت کا حساب لے گی ٗ ہم چوکوں اور چوراہوں پر قومی دولت لوٹنے والوں کا احتساب کریں گے۔ایک سوال پر سراج الحق نے کہا کہ عوام بھی کرپٹ سیاسی عناصر کا سماجی بائیکاٹ کریں۔