وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ملک میں سپیکٹرم کی نیلامی کیلئے اٹھائے جانے والے انتظامات پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس

ہفتہ 23 اپریل 2016 22:36

اسلام آباد ۔ 23 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 اپریل۔2016ء) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ملک میں سپیکٹرم کی نیلامی کیلئے اٹھائے جانے والے انتظامات پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہفتہ کو یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جیسا کہ گزشتہ اجلاس میں اتفاق کیا گیا تھا پہلے مرحلہ میں دستیاب 850 میگا ہرٹز کے سپیکٹرم کی نیلامی جبکہ دوسرے مرحلہ میں 1800 میگاہرٹز کی نیلامی کیلئے انتظامات کئے گئے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر خزانہ کی ہدایات کی روشنی میں اس عمل میں مکمل شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ سپیکٹرم کی مناسب تعداد کو بتدریج بڑھایا جائے گا اور پاکستانی صارفین کیلئے ڈیٹا سروسز کو عالمی معیار کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز بشمول وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور فریکوینسی ایلوکیشن بورڈ (ایف اے بی) نے اجلاس کو بتایا کہ باقی ماندہ پروسیجرل اقدامات مکمل کرنے کیلئے باہم مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ نیلامی کا عمل بہتر اور شفاف انداز میں منعقد ہوسکے۔

وفاقی وزیر قانون و انصاف زاہد حامد ، وزیرمملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان ، اٹارنی جنرل آف پاکستان اشتر اوصاف علی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قانون و انصاف بیرسٹر ظفر اﷲ اور وزارت خزانہ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بی ٹی اے اور ایف اے بی کے سینئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :