حافظ آباد، ڈیڑھ سو سے زائد ایکڑ پر کھڑی گندم کی تیار فصل آگ لگنے سے جل کر خاکستر

متاثرہ زمیندار اور کاشتکار واپڈہ کی لاپرواہی اورغفلت کے خلاف سراپا احتجاج

ہفتہ 23 اپریل 2016 21:01

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 اپریل۔2016ء) حافظ آباد کے نواحی گاؤں ٹھٹھہ جاہد حسن والہ میں ڈیڑھ سو سے زائد ایکڑ پر کھڑی گندم کی تیار فصل آگ لگنے سے جل کر خاکستر ہوگئی،متاثرہ زمیندار اور کاشتکار واپڈہ کی لاپرواہی اورغفلت کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ جاہد حسن والہ کے قریب ماہنیاں والہ میں واپڈہ کے ایک خراب ٹرانسفارمر میں اچانک آگ لگی ۔

جس سے آگ کے شعلوں نے دیکھتے ہی دیکھتے ڈیڑہ سو سے زائد ایکڑ گندم کی تیار فصل کو اپنی لپیٹ میں لیکر مقامی زمینداروں اور کاشتکاروں رائے ظفر، رائے جاویداقبال، سفیراں بھٹی، صداقت جاوید، محمد اقبال، محمد اشرف اور حاجی ارشد وغیرہ کی لاکھوں روپے مالیت کی فصل کو جلا کر راکھ کردیا۔

(جاری ہے)

اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر نہایت تگ و دو کے بعد آگ پر قابو پایا اورملحقہ فصلوں کو جلنے سے بچالیا۔

متاثرہ زمینداروں نے واپڈہ کی غفلت کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ انکی سال بھر کی محنت اور مزدوری واپڈہ کی وجہ سے شعلوں کو نذر ہوگئی ہے۔ حکومت انہیں فوری امداد دیکر اسکی تلافی کرے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ حافظ آباد کے مختلف دیہات میں گذشتہ دو روز کے دوران واپڈہ کی غفلت اور شارٹ سرکٹ کی وجہ سے اب تک دو سو سے زائد ایکڑ رقبہ پر گندم کی کھڑی تیار فصل تباہ ہوچکی ہے۔دوسری جانب واپڈہ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اس ضمن میں تحقیقات کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :