غیر مسلم طاقتیں مسلمانوں کو آپس میں لڑ ا کراپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کے درپے ہیں،سبطین حیدر سبزواری

ہفتہ 23 اپریل 2016 21:01

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 اپریل۔2016ء) ھدیةالھادی پاکستان کے مرکزی صدر سید ہارون علی گیلانی کی زیر صدارت یہاں الحرم ہال میں منعقدہ اتحاد امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی راہنما ڈاکٹر فرید پراچہ ، جماعت الدعوہ پاکستان کے راہنمامولانا امیر حمزہ اور شیعہ علماء کونسل کے مرکزی راہنما سبطین حیدر سبزواری نے کہا کہ غیر مسلم طاقتیں مسلمانوں کو آپس میں لڑ ا کراپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کے درپے ہیں۔

ان حالات میں اتحاد امت وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے ۔۔ ان راہنماؤں نے کہا کہ پاکستان کا قیام ایک نظریہ کے تحت عمل میں آیا لیکن ہمارے حکمران اس نظریہ کو فراموش کرکے غیر ملکی حکمرانوں کے ایجنڈہ پر عمل پیرا ہیں ۔ جس کی وجہ سے ملک عرصہ دراز سے فرقہ واریت، دہشت گردی اور قرضوں کے جال میں جکڑا چلا آرہا ہے۔

(جاری ہے)

جب تک ہم نے غیر ملکی حکمرانوں کا طوق اپنے گلے سے اتار کر ریاست مدینہ کی طرز پر اپنے معاملات کو نہ چلایا اور نبی کریمﷺ کے بتائے ہوئے طریقہ کے مطابق عمل نہ کیا۔

ا سوقت تک ملک ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن نہیں ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انڈیا، اسرائیل اور امریکہ مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کے لئے عرصہ دراز سے سازشیں کرتے چلے آرہے ہیں ۔تمام مکاتب فکر کے مسلمانوں کو باطل کی ان سازشوں کا قلع قمع کرنے کے لئے اپنے تمام تر اختلافات فراموش کرکے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوجانا چاہئے، تب ہی اسلام کا پرچم ایک بار پھر دنیا میں لہرایا جاسکتا ہے۔کانفرنس سے ھدیة الھادی پاکستان کے مرکزی صدر سید ہارون علی گیلانی، صوبائی صدر شرجیل اخترمرزا، سینئر نائب صدر مرزا محمد اکمل جرال، قیصر منیر کھوکھر، سابق ایم۔پی۔اے ڈاکٹر مظفر علی شیخ ، پی۔ایم۔صفدر کھرل ایڈوکیٹ اور بار کے صدر محمد فاروق کھوکھر نے بھی خطاب کیا۔