راولپنڈی، تحریک جوانان پاکستان کے زیر اہتمام ، آرمی چیف و افواج پاکستان کی حمایت میں ریلی

ہفتہ 23 اپریل 2016 20:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 اپریل۔2016ء) تحریک جوانان پاکستان کے زیر اہتمام چوک چاہ سلطان سے راولپنڈی پریس کلب تک، آرمی چیف و افواج پاکستان کی حمایت میں ریلی نکالی گئی جس کی قیادت چیئرمین تحریک جوانان پاکستان محمد عبداللہ گل مرکزی سکریٹری جنرل ڈاکٹر عرفان ، مولانا عمران سندھو، چیف آرگنائزر راولپنڈی ڈویژن خان محمد خان اور دیگر کر رہے تھے، ریلی میں بڑی تعداد میں اہلیان راولپنڈی نے شرکت کی، ریلی کے شرکاء افواج پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔

ریلی چاہ سلطان سے شروع ہوئی اور راولپنڈی پریس کلب کے باہر جلسہ عام کی شکل اختیار کر گئی شرکاء نے قومی پرچم اُٹھا رکھے تھے اور کرپشن کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اس موقع پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک جوانان پاکستان محمد عبداللہ گل نے ریلی کے انعقاد کا مقصد بتاتے ہوئے کہاکہ افواج پاکستان نے نا صرف عسکری دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ کرپشن کے خلاف احتساب کا عمل بھی سب سے پہلے فوج سے شروع کر کے تاریخی مثال قائم کر دی اس وقت پاکستانی قوم کی نظریں جنرل راحیل شریف پر لگی ہوئی ہیں کہ وہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے ، سیاسی اور معاشی دہشت گردوں اور اقتدار پرست ٹولے سے قوم کو نجات دلائیں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستانی سیاسی حکمرانوں کے ماضی میں بھی کئی مالیاتی سکینڈلز سامنے آئے لیکن اس بار پانامہ لیکس نے یہ ثابت کر دیا کہ پاکستانی حکمرانوں کو ملک سے زیادہ مال و دولت عزیز ہے اور بیرون ملک خفیہ اکاؤنٹس میں قوم سے لو ٹی ہوئی دولت رکھنے کا مقصد صرف یہ ہے کہ اب یہ سمجھ چکے ہیں کہ پاکستانی قوم اس مخصوص کرپٹ ٹولے کو مزید برداشت نہیں کرے گی اس لئے وہ بیرونی ملک اپنے ٹھکانے مضبوط کر رہے ہیں تا کہ عوامی شعور کی بیداری اور ملک میں تبدیلی نظام کے بعد وہ اپنے بیرونی آقاؤں کے قدموں تلے زندگی بسر سکیں۔

انھوں نے جوانان پاکستان سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان تمام تر اختلافات بھلا کر قومی پرچم تلے جمع ہو جائیں اور ملک پر قابض مغربی جہوریت کے دلدادہ حکمرانوں کو اسی کرپٹ سسٹم سمیت اکھاڑ پھنکیں اور پاکستان کو قائد اور اقبال کے نظریات اور فکر حمید گل کی روشنی میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ریلی کے شرکاء سے ڈاکٹر عرفان ، مولانا عمران سندھو ، خان محمد خان اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کرپشن کے خلاف افواج پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ملک کی سلامتی اور استحکام کے لئے جدو جہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا

متعلقہ عنوان :