کرپشن کے کینسر کو چھپانے والوں کا کڑا احتساب کیا جائے، ثروت اعجاز قادری

کرپشن ایسی بیماری ہے جس نے معیشت کو کھوکھلا اور ملک کی جڑوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے ،پانامہ لیکس کی تحقیقات عوام کی منشاء کے مطابق کمیشن بنانا ہوگا ،وزیر اعظم اپنا اخلاقی جواز کھوچکے ہیں،بیان

ہفتہ 23 اپریل 2016 20:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 اپریل۔2016ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کرپشن کے کینسر کو چھپانے والوں کا کڑا احتساب کیا جائے،کرپشن ایسی بیماری ہے جس نے معیشت کو کھوکھلا اور ملک کی جڑوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے ،پانامہ لیکس کی تحقیقات عوام کی منشاء کے مطابق کمیشن بنانا ہوگا ،کسی ایسے گھوسلے کمیشن کو تسلیم نہیں کیا جائیگا جو متنازعہ ہو ،ملک کی دولت لوٹنے والوں اور دہشتگردوں کے سہولت کار اسمبلیوں میں موجود ہیں ،وزیر اعظم اپنا اخلاقی جواز کھوچکے ہیں احتساب کے عمل کوقومی ایکشن پلان کے دائرے میں لایا جائے ،آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے بیان کرپشن کے خاتمے تک ملک میں امن وامان کا قیام ممکن نہیں پاکستان کی ترقی اور سالمیت کیلئے بلا امتیاز احتساب لازمی ہے کا خیر مقدم کرتے ہیں پانامہ لیکس ہو یا کوئی اور لیکس ملک کی دولت لوٹنے والوں کے خلاف بے رحم کاروائی عمل میں لائی جائے ،ملک کی دولت لوٹنے والے معیشت اور ملکی سالمیت کے دشمن ہیں ،قومی ایکشن پلان کے تحت ضرب عضب آپریشن کا رخ معاشی دہشتگردوں کی طرف کرنا لازمی ہوچکا ہے ،پاکستان سنی تحریک دہشتگردی ،کرپشن اور ملکی سلامتی کیلئے پاک فوج کے ساتھ ہے ،دہشتگردوں کے سہولت کار آج بھی اسمبلی میں موجود اور اہم وزارتوں پر فائز ہیں ،ملک کے مقدس ادارے پارلیمنٹ کو دہشتگردوں سے پاک کرنا ہوگا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان یں آرمی چیف کے بیان کا خیر مقدم اور احتساب کے عمل کو تیز کرنے کا مطالبہ کرتے ہو ئے ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ حکومت اصلاح اور حقائق قوم کے سامنے لانے کی بجائے پانامہ لیکس سے بچاؤ کیلئے میڈیا پر شور شرابا سے کام لے رہی ہے ،عوام کو مزید بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا ملک کی دولت لوٹنے والوں کو عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے ،عوام ملک کی دولت لوٹنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کرنا چاہتے ،پاکستان سنی تحریک سمیت پوری قوم چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کرتی ہے کہ ملک وقوم کی لوٹی گئی دولت کو واپس قومی خزانے میں لائیں۔

متعلقہ عنوان :