ملک میں مارشل لاء کے کوئی خطرات نہیں ہیں ،عوام جمہوریت چاہتے ہیں ،نثار احمد کھوڑو

سپریم کورٹ عدالتی کمیشن کی حکومتی استدعا مسترد کردیتی ہے تو پھر حکومت کو پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینی چاہیے ،سینئر وزیر تعلیم سندھ کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 23 اپریل 2016 19:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اپریل۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما او ر سینئر وزیر تعلیم سندھ نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ ملک میں مارشل لاء کے کوئی خطرات نہیں ہیں ۔عوام جمہوریت چاہتے ہیں ۔عوام نے پہلے بھی مارشل لاء کو قبول نہیں کیا تھا اور آئندہ بھی آمریت کو قبول نہیں کیا جائے گا ۔پاناما لیکس اسکینڈل پر اگر سپریم کورٹ عدالتی کمیشن کی حکومتی استدعا مسترد کردیتی ہے تو پھر حکومت کو پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینی چاہیے جو اس سارے معاملے کا جائزہ لے ۔

(جاری ہے)

عمران خان جس سوچ پر سیاست کررہے ہیں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتی ہے ۔ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس اسکینڈل پر عدالتی کمیشن کی تحقیقات میں سب کچھ سامنے آجائے گا اور اس میں جو ملوث ہوگا اسے گھر جانا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کسی بھی غیر جمہوری احتجاج کا حصہ نہیں بنے گی ۔ہمارا یہ موقف ہے کہ جمہوریت کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے پرامن انداز میں احتجاج کیا جائے اور احتجاج کا مناسب فورم پارلیمنٹ ہے ۔انہوں نے کہا کہ پانامالیکس کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کو مربوط حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :