میٹروپولیٹن انتظامیہ تاجروں کے جائز مسائل فوری حل کرے،رحیم کاکڑ

مسائل حل نہ کرنے ہوئے تو27اپریل کو پریس کلب کے سامنے ،5مئی کو باچا خان چوک پر مظاہرہ ،14مئی کو کوئٹہ میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی جائیگی ، صدر مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کی دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس

ہفتہ 23 اپریل 2016 19:24

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اپریل۔2016ء) مرکزی انجمن تاجران بلوچستان ،مٹن مارکیٹ ،سرکلر روڈ بس اڈہ،جائنٹ رو ڈ اور سریاب پھاٹک کے متاثرین کے رہنماوں نے کہا ہے کہ اگر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن نے تاجروں کے جائز مسائل حل نہ کئے تو 27اپریل کو پریس کلب کے سامنے ،5مئی کو باچا خان چوک پر مظاہرہ اور 14مئی کو کوئٹہ میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔

یہ بات مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ،سید تاج آغا،یسین مینگل ،اﷲ داد ترین،قاری محمد انور ، حاجی اﷲ محمد،نصیب اﷲ موسیٰ خیل ،محمد زاہد ، عبدالمنان ،حاجی لالہ خان ،عبدالغفار اچکزئی ،سید جلیل آغا اور دیگر نے باچا خان چوک پر مٹن مارکیٹ کے متاثرین کی جانب سے لگائے گئے کیمپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

عبدالرحیم کاکڑ نے کہا کہ مٹن مارکیٹ کے دکاندار سات ماہ سے احتجاج پر ہیں میٹروپولیٹن افسران نے انکی دکانیں سیل کی ہیں جس کے خلاف متاثرین نے عدالت سے رجوع کیا اور عدالت کے واضح احکامات ہیں کہ مٹن مارکیٹ کے دکانداروں کو زبردستی بے دخل نہ کیا جائے اورانکے ساتھ افہام و تفہیم سے مسئلے کا حل نکالا جائے مگر میٹروپولیٹن کے افسران نے تمام احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے سینکڑوں خاندانوں کو نان شبینہ کا محتاج کردیا ہے مٹن مارکیٹ کے متاثرین کا مطالبہ ہے کہ یا تو انہیں اس مارکیٹ میں کاروبار کرنے دیا جائے اگر مارکیٹ گرانا ناگزیر ہے تو پھر متاثرہ دکانداروں کے ساتھ تحریری معاہدہ کرکے متبادل جگہ دی جائے اور مذکورہ جگہ پر بننے والے پلازے میں ترجیحی بنیادوں پر آسان شرائط پر دکانیں دی جائیں لیکن میٹروپولیٹن کارپوریشن انتظامیہ مسئلے کا حل نکالنے میں ناکام رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکلر روڈ بس اڈے کے متاثرین 10سال سے دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں مگر انکے مسئلے پر بھی کوئٹہ میٹروپولیٹن کے افسران چشم پوشی کا مظاہرہ کررہے ہیں سرکلر روڈ بس اڈے کے متاثرین سے اسوقت کے ناظم کوئٹہ نے تحریری معاہدہ کیا مگر آج میٹروپولیٹن افسران معاہدے کی پاسداری نہیں کررہے ہیں اسکے علاوہ جائنٹ روڈ، سریاب روڈ پھاٹک کے متاثرین کے ساتھ اسوقت کے کمشنر نسیم لہڑی نے معاہدہ کیا مگر انکے ساتھ بھی ناروا سلوک روا رکھا جارہا ہے ان مسائل پر تینوں متاثرہ گروپوں نے مرکزی انجمن تاجران کے پلیٹ فارم سے مشترکہ جدوجہد کا فیصلہ کیا ہے اب مٹن مارکیٹ کے متاثرین جن میں اخبار فروش اور کاسی روڈ کے متاثرین شامل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگر میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسران نے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات نہ کئے تو مرکزی انجمن تاجران بذات خود مٹن مارکیٹ کی سیل توڑنے پر مجبور ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے مرکزی انجمن تاجران اور متاثرین نے مشترکہ احتجاجی شیڈول تشکیل دیا ہے جسکے مطابق 27اپریل کو پریس کلب کے سامنے جبکہ 5مئی کو باچا خان چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گااسکے باوجود بھی اگر میٹروپولیٹن افسران نے رویہ تبدیل نہیں کیا تو 14مئی کو کوئٹہ شہر میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال اوراسکی روز باچا خان چوک سے احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔