کرپشن فری پاکستان تحریک عوام کے دلوں کی آواز بن چکی ہے‘ سراج الحق

نوجوان کرپشن فری پاکستان تحریک کیلئے کمر بستہ ہوجائیں تو پاکستان کی تقدیر بدل سکتی ہے ‘ امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 23 اپریل 2016 19:03

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اپریل۔2016ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کرپشن فری پاکستان تحریک عوام کے دلوں کی آواز بن چکی ہے،نوجوان کسی بھی تحریک کاہراول دستہ ہوتے ہیں،تاریخ گواہ ہے کہ ہمیشہ نوجوانوں نے ہی معاشرے میں انقلاب برپاکیا ہے،اب بھی اگر ملک کے نوجوان کرپشن فری پاکستان تحریک کے لئے کمر بستہ ہوجائیں تو پاکستان کی تقدیر سنور سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں جماعت اسلامی یوتھ پنجاب کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پورے ملک کی طرح پنجاب سے بھی جماعت اسلامی یوتھ نوجوانوں کومنظم کرے گی۔ہم نے نوجوانوں کی سیرت وکردار کی تعمیر اور مقصد سے وابستگی کے لئے پوراپروگرام واضع کیا ہے۔انشاء اﷲ پنجاب بھر میں یوتھ کے اندر کام کے حوالے سے پوری قیادت یکسوہے اور ہم اسے اچھے اور احسن انداز سے آگے بڑھائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں بڑی تبدیلی لانے کے لیے نوجوانوں کو اپنا بھرپورکردار اداکرنا ہوگا۔