Live Updates

صرف اقتدار کی ہوس کیلئے بے بنیاد الزامات لگائے جارہے ہیں ‘ پی ٹی آئی کمیشن میں ثبوت پیش کرے ‘ پرویز رشید

ہفتہ 23 اپریل 2016 14:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ صرف اقتدار کی ہوس کیلئے بے بنیاد الزامات لگائے جارہے ہیں ‘ پی ٹی آئی کمیشن میں ثبوت پیش کرے ‘ شیشے کے گھر میں بیٹھنے والوں کو پتھر نہیں مارنے چاہئیں ‘ ملک کو ترقی و خوشحالی کی طرف لے کر جارہے ہیں ‘ 2018ء کے عام انتخابات میں عوام کے سامنے سرخرو ہونگے۔

ایک انٹرویو میں وزیر اطلاعا تنے کہاکہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو پاناما پیپرز کے معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کیلئے خط لکھ دیا ہے اور خود کو احتساب کیلئے پیش کردیا ہے، اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچنا چاہیے ‘ انہوں نے کہا کہ شیشے کے گھر میں بیٹھنے والوں کو پتھر نہیں مار نے چاہئیں، ہم ملک کو ترقی وخوشحالی کی طرف لے کر جارہے ہیں اور یہی بات کچھ لوگوں کو ہضم نہیں ہورہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی کوئی من گھڑت بات آگے نہیں بڑھائی ، نیب کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے جس کیلئے پارلیمانی کمیٹی کو سفارشات دینی چاہئیں۔ ایک سوال کے جواب میں سینیٹر پرویز رشید نے کہاکہ ہم نے 2013ء میں ہی سیکرٹ فنڈز کو ختم کردیا تھا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ملکی ترقی و خوشحالی اورملک سے اندھیروں کے خاتمہ کیلئے کوشاں ہیں اور پرعزم ہیں کہ 2018ء کے عام انتخابات میں عوام کے سامنے سرخرو ہونگے۔پرویز رشید نے کہاکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا تھا کہ میں اپنا گھر بیچ کر بھی شوکت خانم کے چندے کے پیسے جمع کراوٴں گا تاہم انہوں نے جمع نہیں کرائے ‘ انہیں اس بات کا بھی جواب دینا چاہئے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات