کمیشن سے کچھ نہیں نکلے گا ،قوم کوٹرک کی بتی کے پیچھے لگا یاگیا ‘ڈاکٹر طاہر القادری

ماڈل ٹاؤن کے قاتل اعلیٰ نے بھی جرم ثابت ہونے پر گھر جانے کا اعلان کیا تھا وزیر اعظم کا خطاب قوم سے مذاق تھا ،سیاسی مخالفین یا میڈیا کو نہیں دھمکیاں کسی اور کو دی گئیں حکمران خاندان کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ دولت پانامہ اور لندن میں ہے‘سربراہ عوامی تحریک

جمعہ 22 اپریل 2016 22:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اپریل۔2016ء ) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادر ی نے اپنے ردعمل میں کہا کہ پانامہ لیکس کے انکشافات ثابت شدہ ہیں ، مزید کسی تحقیق کی ضرورت نہیں،کمیشن سے کچھ نہیں نکلے گا ،قوم کو ایک بار پھر ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا گیا ، وزیر اعظم نے قوم سے خطاب نہیں مذاق کیا،وزیر اعظم کا دھمکی آمیز لب و لہجہ لندن علاج کا نتیجہ ہے، وزیر اعظم نے سیاسی مخالفین یا میڈیا کو نہیں ’’کسی اور‘‘ کو دھمکیاں دیں ۔

کرپٹ وزیر اعظم دھمکیاں دینے کی بجائے لوٹی گئی دولت واپس لائیں اوردیگر وزرائے اعظم کی طرح استعفیٰ دیں ۔ انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ جرم ثابت ہونے پر گھر جانے کا بیان انکے چھوٹے بھائی اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل اعلیٰ نے بھی دیا تھا اور پھر جب جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ نے انہیں ذمہ دار ٹھہرایا تو انہوں نے گھر جانے کا وعدہ پورا کرنے کی بجائے رپورٹ ہی غائب کر دی ۔

(جاری ہے)

سربراہ عوامی تحریک نے میڈیا کو دھمکیاں دینے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہاکہ میڈیا حقائق دکھا رہا ہے چونکہ کرپٹ حکمرانوں کے پاس قوم کے سوالات کا جواب نہیں ہے اس لئے وہ اپنی روایات اور مزاج کے مطابق دھمکیوں پر اتر آئے ، آمریت کی پیداوار 30سال بعد بھی جمہوری مزاج پیدا نہ کر سکے ،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ مگر اثاثے لندن اور پانامہ میں ہیں ، جدی پشتی صنعتکار خاندان کا چشم و چراغ بتائے وہ خود کتنا ٹیکس دیتا رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جس جلا وطنی کی بات کرتے ہیں وہ دس سال کی ڈیل تھی جو وہ خوشی خوشی کر کے جدہ کے سرور محل میں گئے اور ڈیل کے کاغذات پر باقاعدہ دستخط کئے قوم کا حافظہ اتنا کمزور نہیں کہ وہ انکے سیاسی ،معاشی جرائم کو بھول جائیں،انہوں نے کہاکہ وزیر خزانہ اور انکے سمدھی تحریری بیان دے چکے ہیں کہ انہوں نے شریف خاندان کی دولت منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک منتقل کی اور کونسے ثبوت چاہئیں؟انہوں نے کہا کہ قوم کے نرم رویے کی وجہ سے کرپٹ وزیر اعظم کو دھمکیاں دینے کا موقع ملا۔

وزیر اعظم کا رویہ اور بوکھلاہٹ انکے ذہنی انتشار کی غماز ہے ۔