پانامہ لیکس کے تحقیقات ہونی چاہئے اور اس میں جتنے پاکستانیوں کے نام ہیں سب کو منظر عام پر لانا چاہئے، ڈاکٹر عارف علوی

وکلاء برادری کیساتھ ہر پاکستانی کی یہ آواز بن چکی ہے پانامہ لیکس کی تحقیقات ہونی چاہئے، صلاح الدین احمد ایڈووکیٹ

جمعہ 22 اپریل 2016 20:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وکلاء برادری نے ہمیشہ انصاف، آئین اور قانون کی بالا دستی کے لئے ہر اول دستے کاکردار ادا کیا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پانامہ لیکس کے حالیہ انکشافات کے بعد موجود ہ حکمرانوں اور ان کے خاندان کے بیرون ملک چھپائی گئی پراپرٹی اور اثاثوں کو بے نقاب کرنے کی تحریک میں وکلاء برادری کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

کیونکہ یہ ایک قومی ایشو ہے اس لئے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے ذاتی اور سیاسی مفادات سے بالا تر ہو کر ملک لوٹنے والوں کے خلاف متحد ہو جانا چاہئے۔ یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز سندھ بار کونسل کے وائس چیئر مین صلاح الدین احمد ایڈوکیٹ سے سندھ ہائی کورٹ میں ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سندھ بار کونسل کے رکن طارق محمود ایڈوکیٹ ، حیدر امام ایڈوکیٹ، انصاف لائیرز ونگ کراچی کے صدر ریاض آفندی ایڈوکیٹ ، انور کمال ایڈوکیٹ اور دیگر وکلاء رہنما بھی موجود تھے ۔

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ پانامہ لیکس کے بلا خوف و تعصب چھان بین ہونی چاہئے اور اس میں جتنے پاکستانیوں کے نام ہیں سب کو منظر عام پر لانا چاہئے۔ تحریک انصاف سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کا پر زور مطالبہ ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں کمیشن قائم کیا جائے اور اس کمیشن میں ایک معروف بین الاقوامی فرانزک آڈٹ کمپنی کے ماہرین کو بھی شامل کیا جائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے ۔

ہم سمجھتے ہیں کہ پانامہ لیکس میں وزیر اعظم پاکستان اور ان کے خاندان کے نام ہیں۔ لہذا جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے جو کہ حکومتی اثر ورسوخ سے آزاد ہو۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ کرپشن اور اقربا پروری کی وجہ سے پاکستان کی بنیادیں کھوکھلی ہو گئی ہیں۔ہم سمجھتے ہیں کہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی اور دیگر طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ اس اہم ایشو پر ایک زبان ہونی چاہیے تاکہ ملک میں کرپشن اور لوٹ مار کا راستہ حقیقی طور پر روکا جا سکے اورغیر یقینی صورتحال کا بھی سامنا نہ ہو۔

تحریک انصا ف کا واضح موقف ہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سفر صرف حقیقی جمہوریت میں مضمر ہے ۔اس موقع پر سندھ بار کونسل کے وائس چیئر مین صلاح الدین احمد ایڈوکیٹ نے کہا کہ وکلاء برادری کے ساتھ ساتھ ہر پاکستانی کی یہ آواز بن چکی ہے کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات ہونی چاہئے۔ اور حکمرانوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کریں تاکہ جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہو سکیں نہ کہ کسی طالع آزما کو موقع مل سکے۔

متعلقہ عنوان :