محراب ومنبر کے وارثوں کو دہشتگردی ،انتہاپسندی اور کرپشن کیخلاف عملی طور پر میدان میں نکلنا ہوگا‘طاہر محمود اشرفی

وزیر اعظم اور سیاسی قائدین سے امید کرتے ہیں کہ وہ کرپشن کے خاتمے کیلئے مظبوط لائحہ عمل قوم کے سامنے رکھیں گے‘چیئرمین پاکستان علماء کونسل

جمعہ 22 اپریل 2016 20:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اپریل۔2016ء ) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمدطاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ محراب ومنبر کے وارثوں کو دہشتگردی ،انتہاپسندی اور کرپشن کیخلاف عملی طور پر میدان میں نکلنا ہوگا،وزیر اعظم اور سیاسی قائدین سے امید کرتے ہیں کہ وہ کرپشن کے خاتمے کیلئے مظبوط لائحہ عمل قوم کے سامنے رکھیں گے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامع مسجد المصطفیٰ جوہر ٹاؤن لاہور میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس مو قع پرمولانا محمد مشتاق لاہوری، مولانا عبد القیوم،مولانا اسلم قادری، قاری محمد زبیر زاہد،حافظ قاسم اسامہ،مولانا اسید الرحمن،مولانا شہباز عالم ودیگر نے بھی خطاب کیا۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ افواج پاکستان میں احتساب کا عمل روز اول سے موجود ہے۔

(جاری ہے)

جنرل راحیل شریف نے فوجی افسران کو دی جانے والی سزاؤں کی ذرائع ابلاغ کے ذریعے تشہیر کرکے ملک کے دیگر اداروں کیلئے ایک درست سمت اور بہتر مثال قائم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر حکومت کو چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن قائم کرنے کیلئے تاخیر نہیں کرنی چاہئے۔حکومت کی طرف سے تاخیر کرنے سے ملک میں انتشار پھیلانے والی قوتوں کو تقویت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کی بات کرنا جمہوریت کیخلاف سازش نہیں ہے۔کرپشن کے خاتمے کیلئے اٹھائے جانے والے قدامات سے جمہوریت مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل 24اپریل سے دہشتگردی،انتہاپسندی اور کرپشن کیخلاف ملک گیر مہم کا آغاز کررہی ہے۔ عوامی سطح پر جلسے ،ریلیاں ،اجتماعات منعقد کئے جائیں گے اور انتہاپسندی،دہشتگردی اور کرپشن کیخلاف عوامی سطح پرشعور کو اجاگر کیا جائیگا اور قوم کو منظم انداز میں دہشتگردی، انتہاپسندی اور کرپشن کیخلاف جدوجہد کا لائحہ عمل دیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :