تحریک لبّیک یا رسول اﷲ ﷺ کے زیر اہتمام گستاخانہ جسارتوں کے خلاف ملک بھر میں یوم لبّیک یا رسول اﷲ ﷺ منایا گیا

جمعہ 22 اپریل 2016 20:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اپریل۔2016ء )تحریک لبّیک یا رسول اﷲ ﷺ کے زیر اہتمام گستاخانہ جسارتوں کے خلاف اور پرویز ملعون اور ناصر کذاب ملعون کی گرفتاری اور سزائے موت کے سلسلہ میں ملک بھر میں یوم لبّیک یا رسول اﷲ ﷺ منایا گیا۔ جمعۃ المبارک کے خطبات میں تحفظِ ناموس رسالت کے فریضہ کی اہمیت و فضیلت کو بیان کیا گیا۔ نماز جمعہ کے بعد مظاہروں اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا۔

لاہور میں داتا دربار سے پنجاب اسمبلی تک تحریک کے قائدین ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی ، مولانا خادم حسین رضوی کی قیادت میں بہت بڑالبّیک یا رسول اﷲ ﷺ مارچ کیا گیا۔جس کے اختتام پر پنجاب اسمبلی کے سامنے تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرویز ملعون اور ناصر ملعون کی گستاخیوں کے خلاف ہم نے 19اپریل کو مغلپورہ تھانے میں295cFIRکے تحت درج ہوچکی ہے مگر تا حال کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

اتنی بڑی گستاخیوں کے باوجود حکومتی خاموشی سمجھ سے بالا تر ہے۔ حکومت کی مجرمانہ غفلت سے آئے روز گستاخیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اگر حکومت نے بروقت کاروائی نہ کی تو کوئی سانحہ رونما ہو سکتا ہے جس کی ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔ چنانچہ حکومت آسیہ مسیح سمیت تمام گستاخان رسول کو سزائے موت دے اور ان مجرموں کو بھی فی الفور گرفتا ر کرکے کیفر کردار تک پہنچائے ۔

انہوں نے کہاکہ یورپ یہ بات یاد رکھے اسد کذاب کو واصل جہنم کرنے والے غازی محمد تنویر قادری تنہا نہیں بلکہ کروڑوں مسلمان ان کے ساتھ ہیں۔سیکولر ازم کے پیرو کار ملکی اسلامی شناخت ختم کرکے مادر پدر آزاد معاشرہ قائم کرنا چاہتے ہیں لیکن انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ جب تک ملک میں عشاقان ِ رسول ﷺ موجود ہیں سیکولر ازم کے پیروکاروں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی۔

قرآن و سنت کے مطابق فیصلے کیے جائیں تو ملک و قوم کو تمام مصائب سے چھٹکارہ مل سکتا ہے۔ تحریک کے سرپرست اعلیٰ مولانا خادم حسین رضوی نے کہا کہ حکومت گستاخوں کے پیچھے خفیہ ہاتھ کو منظر عام پر لائے اور تمام اور تمام گستاخوں کے نیٹ ورک کو گرفتار کرکے نشان عبرت بنائے ۔ اس موقع پر ملک دلپذیر اعوان ، پیر سید نثار اشرف رضوی، مفتی محمد عابد رضا، مولانا مرتضیٰ علی ہاشمی، میاں محمد آصف نقشبندی و دیگر بھی موجود تھے۔