Live Updates

پی ٹی آئی یوم تاسیس :پنجاب بھر سے جلوس اسلام آباد کیلئے روانہ ہوں گے ‘عبدالعلیم خان

ہر شہر سے قافلے شامل ہوں گے ،شام 6بجے اسلام آباد پہنچیں گے ،کارکن نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں

جمعہ 22 اپریل 2016 19:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اپریل۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے یوم تاسیس پر پنجاب بھر سے جلوس اسلام آباد کیلئے اتوار کے روز روانہ ہوں گے اور مختلف شہروں سے قافلے اس مرکزی جلوس میں شامل ہوتے ہوئے شام 6 بجے اسلام آباد پہنچیں گے عبدالعلیم خان نے بتایا کہ یوم تاسیس میں شرکت کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور انشا ء اﷲ پارٹی کارکن بڑی تعداد میں اسلام آباد پہنچیں گے ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ آج ساری قوم حکومت کی طرف دیکھ رہی ہے کہ پانامہ لیکس کے مطابق سامنے آنے والے حقائق پر کیا کاروائی کی جاتی ہے ؟ پی ٹی آئی کا یوم تاسیس ثابت کرے گا کہ پاکستان کے عوام بد عنوانی سے پا ک نظام کے حامی ہیں پی ٹی آئی کے 20سال پاکستان کی سیاسی تاریخ کا اہم باب ہیں جس سے عوام کو نیا سیاسی شعور اور قومی سطح پر تبدیلی کیلئے آگاہی ملی ہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان کی سیاسی جدوجہد پاکستان کو کرپشن فری ملک بنانے اور صحیح معنوں میں ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کرنے کیلئے ہے جس کیلئے ہر باشعور شہری اُن کا ساتھ دے گا ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء پی ٹی آئی کی طرف سے اراکین اسمبلی سابق عہدیداروں اور پارٹی کے مختلف شعبوں کو یوم تاسیس کیلئے ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں جن کے تحت ٹرانسپورٹ ،سکیورٹی اور دیگر امور شامل ہیں لاہور سے اراکین اسمبلی محمد شعیب صدیقی اور میاں اسلم اقبال اپنے اپنے جلوسوں کے ساتھ قذافی سٹیڈیم پہنچیں گے جبکہ عمران ٹائیگر فورس اور آئی ایس ایف کے کارکن بھی بڑی تعداد میں شریک ہوں گے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات