Live Updates

تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ان کے دہلیز پر سہولیات فراہم کررہی ہے ،محمد عاطف

جمعہ 22 اپریل 2016 15:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اپریل۔2016ء) صوبائی وزیرابتدائی وثانوی تعلیم اوربرقیات محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ ترقیاتی کام کسی کا احسان نہیں بلکہ عوام کا حق ہے اور تحریک انصاف کی حکومت عوام کوان کے حقوق ان کی دہلیز پر پہنچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔اُنہوں نے مقامی لوگوں اور تحریک انصاف کے کارکنوں سے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی بھرپور نگرانی کریں اور غیر معیاری اور ناقص تعمیر کی کسی کو اجازت نہ دیں ۔

وہ یہاں یونین کونسل پار ہوتی کے علاقوں کچہ سڑک اور موسم کورونہ میں تین کروڑ 33 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے گلی کوچوں اور دیگر سکیموں کے افتتاح اور معائنے کے دوران مقامی لوگوں اور پی ٹی آئی کے کارکنوں سے بات چیت کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلع کونسل کے رکن واجد علی اور پی ٹی آئی کے مقامی رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ محمد عاطف خان اس دوران لوگوں سے گھل مل گئے اور ان سے ان کے مسائل معلوم کیے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ترقیاتی کاموں میں کمشن اور اقرابا پروری کا دور دورہ تھا جس کی وجہ سے عوام کے مسائل حل ہونے کی بجائے ان میں اضافہ ہوتا رہا تاہم موجودہ حکومت نے رشوت اور سفارش کے کلچر کا خاتمہ کیا ہے اور بلاامتیاز عوام کے مسائل کے حل پر توجہ دی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی کے 30 کے تمام یونین کونسلوں میں گلی کوچوں کی تعمیر کے علاوہ سولر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب ، نوجوانوں کو انڈور گیمز کی سہولت دینے کے لے جمنازیم کی تعمیر اور بجلی کے وولٹیج کے مسئلے کے حل کے اس حلقے میں 213 ٹرانسفارمر لگائے جارہے ہیں اسی طرح حلقے میں بجلی کی فراہمی کے درجنوں منصوبے مکمل کیے گئے ہیں جبکہ کئی منصوبے زیر تکمیل بھی ہیں جس سے عوام کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پی کے 30 میں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں پر کروڑوں روپے خرچ کیے جاچکے ہیں جبکہ تعلیمی شعبے کی ترقی کے لیے ریکارڈ فنڈز مختص کیے گئے ہیں ۔محمد عاطف خان نے کچہ سڑک میں ایک کروڑ 30 لاکھ روپے کی لاگت سے زیر تعمیر گورنمنٹ پرائمری سکول کا معائنہ بھی کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس سکول پر کام کی رفتار تیز کی جائے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :