محتسب پنجاب جاوید محمودنے سڑکوں کی ناقص تعمیرکا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کاحکم دیدیا

جمعہ 22 اپریل 2016 15:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 اپریل۔2016ء) محتسب پنجاب جاوید محمودنے سوشل میڈیا کے ذریعے شکایات پر سڑکوں کی ناقص تعمیر،غیر معیاری میٹریل کے استعمال اور سٹریٹ لائٹ کی عدم دستیابی کا نوٹس لے لیا ہے اورسیکریٹری مواصلات و تعمیرات، ڈی سی او لاہور، ایکسئین پراونشل روڈکنسٹرکشن ڈویژن لاہوراورٹی ایم او علامہ اقبال ٹاوٴن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ۔

تفصیلات کے مطابق محمود کالونی شاہدرہ کے شہری نے محتسب پنجاب کے فیس بک اکاوٴنٹ پر برکت ٹاوٴن جی ٹی روڈ سے نظام پورڈھاکہ شیخوپورہ روڈ تک نئی تعمیر ہونے والی لنک روڈ کی تصاویر ارسال کیں جن میں عیاں تھا کہ سڑک کی تعمیر کے دوران سیوریج کے مین ہول سڑک کی سظح سے کئی کئی انچ نیچے بنا دئیے گئے ہیں جن کی وجہ سے مسافر اورگاڑیاں سیوریج کے گڑھوں کی وجہ سے گر کر زخمی ہورہے ہیں اورکئی مقامات پر سیوریج کے مین ہول سڑک کی سطح سے کئی انچ اوپر ہیں جو ٹریفک کے بہاوٴ میں رکاوٹ بن رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

شکایت کنندہ کے مطابق سڑک کئی سال کے التواء کے بعد تعمیر کی گئی جس میں ناقص میٹریل کا استعمال کیا گیا اور کام کے لئے مقررہ معیار کو بھی ملحوظ خاطر نہیں رکھا گیا۔شکایت کنندہ کے مطابق تمام معاملہ ایکسئین پراونشل روڈکنسٹرکشن ڈویژن لاہورنوید اشرف کے نوٹس میں بھی لایا گیا لیکن انہوں نے بھی اپنے فرائض کی انجام دہی میں پہلو تہی کا مظاہرہ کیا۔

محتسب پنجاب نے ڈائریکٹر محتسب پنجاب عابد نوربھٹی کو معاملے کی انکوائری کی ہدایت کی جنہوں نے سیکرٹری مواصلات و تعمیرات اورایکسئین پراونشل روڈکنسٹرکشن ڈویژن لاہورنوید اشرف کو نوٹس جاری کردئیے ہیں اورانہیں سات یوم کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔اسی طرح علامہ اقبال ٹاوٴن کے رہائشی نے محتسب پنجاب سے سوشل میڈیا کے ذریعے شکایت کی کہ کلفٹن کالونی ،وحدت کالونی میں سڑک کی حالت ناگفتہ بہ ہے ،تعمیر کے دوران سڑک کا ایک حصہ چھوڑ دیا گیا ہے اور سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کہ وجہ شہری حادثات اورمشکلات کا شکار ہورہے ہیں۔

محتسب پنجاب نے ایڈوائزر لاہورمحمود عارف کھوکھر کو انکوائری کرنے کی ہدایت کی ہے جنہوں نے ڈی سی او لاہور اورٹی ایم او اقبال ٹاوٴن سے 15یوم میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔