سینیٹ کے اجلاس میں اعتزاز احسن پر حکومتی سینیٹر نہال ہاشمی کے تابڑ توڑ حملے

وزیر اعظم کو ڈاکو کہنے والے خود ڈاکو ہیں ، یہ 2 کروڑ فیس لے کر 10 لاکھ کی رسید دیتے ہیں ، 2008 میں کون وزیر اعظم کے پاؤں پڑا تھا سب جانتے ہیں،حقیقت میں وزیر اعظم نہیں ا عتزاز کا ذہن بیمار ہے ، مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نہال ہاشمی کاپانامہ لیکس بارے تحریک پر اظہار خیال اگر حکومتی سینیٹرز سخت لہجے میں بات کریں گے تو پھر ہم بھی ایسے ہی بات کریں گے ،پیپلز پارٹی کے سینیٹر مختار عاجز دھامڑا اور سینیٹر نہال ہاشمی میں تلخ کلامی

جمعرات 21 اپریل 2016 22:25

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 اپریل۔2016ء ) سینیٹ کے اجلاس میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن پر حکومتی سینیٹر نہال ہاشمی کے تابڑ توڑ حملے ، سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ وزیر اعظم کو ڈاکو کہنے والے خود ڈاکو ہیں جو 2 کروڑ فیس لے کر 10 لاکھ کی رسید دیتے ہیں ، 2008 میں کون وزیر اعظم کے پاؤں پڑا تھا سب جانتے ہیں ، قائد حزب اختلاف کہتے ہیں کہ جب میں منہ کھولتا ہوں تو وزیر اعظم بیمار ہو جاتے ہیں حقیقت میں وزیر اعظم نہیں بلکہ ا عتزاز کا ذہن بیمار ہے ۔

وہ جمعرات کو سینیٹ اجلاس میں پانامہ لیکس کے حوالے سے تحریک پر اظہار خیال کر رہے تھے ۔ قبل ازیں سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ پانامہ لیکس میں کہی نہیں لکھا ہوا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے کرپشن کی اور وزیر اعظم نے آف شور کمپنیاں بنائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے پانامہ لیکس کے فوراً بعد قوم کے سامنے آکر ایک تاریخ رقم کی اور قوم کے سامنے اپنے اور اپنے بچوں کے کاروبار کی تفصیلات رکھیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد حزب اختلاف بہت سینئر ہیں اور ہم ان کی عزت کرتے ہیں مگر قائد حزب اختلاف اکثر وزیر اعظم کو ڈاکو کہتے ہیں مگر آج تک انہوں نے اس حوالے سے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت میں ڈاکو وہ ہیں جو دو کروڑ روپیہ فیس لیتے ہیں اور دس لاکھ کی رسید دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ وزیر اعظم برطانیہ اس لئے جا رہے ہیں کہ وہ زرداری کے پاؤں پڑیں گے مگر وہ یہ کیوں نہیں جانتے کہ 2008 میں کون وزیر اعظم کے پاؤں پڑا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ قائد حزب اختلاف نے یہ بھی کہا کہ جب میں زبان کھولتا ہوں تو وزیر اعظم بیمار ہو جاتے ہیں ۔ سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ اصل میں وزیر اعظم بیمار نہیں ہوتے ان کو بیمار کہنے والوں کے اپنے ذہن بیمار ہیں ۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سینیٹر مختار عاجز دھامڑا اور سینیٹر نہال ہاشمی میں تلخ کلامی ہو گئی ۔ سینیٹر مختار عاجز دھامڑا نے کہا کہ اگر حکومتی سینیٹرز اس لہجے میں بات کریں گے تو پھر ہم بھی ایسے ہی بات کریں گے اور ان کو بولنے کا موقع نہیں دیں گے ۔

جس پر چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے نہال ہاشمی اور مختار عاجز دھامڑا کو اپنی اپنی سیٹوں پر بیٹھنے کی ہدایت کرتے ہوئے سینیٹر نہال ہاشمی کو تنبیہ کی کہ وہ آئندہ سینیٹ میں کسی رکن پر ذاتی تنقید اور اس لہجے میں بات نہیں کریں گے ۔ ……(م د +ر ڈ)