Live Updates

وفاقی وزراء کا وزیراعظم کو پانامہ دستاویزات کے معاملے پر 24اپریل سے قبل تحقیقاتی کمیشن بنانے کا مشورہ

عمران خان پانامہ دستاویزات کے معاملے پر سیاست کر رہے ہیں، سعد رفیق حکومت کی طرف سے آئندہ 24گھنٹوں میں کمیشن کی تشکیل کیلئے چیف جسٹس سپریم کورٹ کو خط لکھے جانیکا امکان

جمعرات 21 اپریل 2016 22:20

وفاقی وزراء کا وزیراعظم کو پانامہ دستاویزات کے معاملے پر 24اپریل سے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 اپریل۔2016ء) وفاقی وزراء نے وزیراعظم نواز شریف کو پانامہ دستاویزات کے معاملے پر 24اپریل سے پہلے تحقیقاتی کمیشن بنانے کا مشورہ دے دیا،وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ عمران خان پانامہ دستاویزات کے معاملے پر سیاست کر رہے ہیں، 24اپریل سے پہلے کمیشن تشکیل دینے کیلئے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا جائے،حکومت کی طرف سے آئندہ 24گھنٹوں میں پانامہ دستاویزات کے معاملے پر کمیشن کی تشکیل کیلئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ا نور ظہیر جمالی کو خط لکھے جانے کا امکان ہے ۔

ذرائع کے مطابق جمعرات کو وزیراعظم کی وفاقی وزراء اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر وزراء نے مشورہ دیا کہ پانامہ دستاویزات کے معاملے پر تحریک انصاف کے 24اپریل کے جلسے سے قبل کمیشن تشکیل دے دینا چاہیے یا پھر کمیشن کی تشکیل کیلئے کم از کم چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کو خط لکھ دینا چاہیے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کمیشن کے معاملے پر سیاست کرنا چاہتے ہیں اور کشیدگی کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں، انہوں نے تجویز دی کہ کمیشن کی تشکیل اور اس میں فرانزک ماہرین سمیت تفتیش کاروں کو شامل کرنے کا اختیار چیف جسٹس آف پاکستان پر چھوڑ دینا چاہیے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو یہ بھی تجویز دی گئی کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے اور اس اجلاس میں کمیشن کی تشکیل کا اعلان کیا جائے۔ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے کمیشن تشکیل دینے سے متعلق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں چیف جسٹس کو خط لکھے جانے کا امکان ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات