Live Updates

وزیراعظم پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے چیف جسٹس سپریم کورٹ کی سربراہی میں کمیشن بنائیں ، انکار پر پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے،مجھے نہیں معلوم کہ وزیراعظم نے فوج سے متعلق کیا بیان دیا اور عمران خان کویہ بات کس نے بتائی ،آرمی چیف نے احتساب کا عمل اپنے گھر سے شروع کر کے اچھی مثال قائم کی، باقی لوگوں کو بھی اس پر عمل کرنا چاہیے

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کی نجی ٹی وی سے گفتگو

جمعرات 21 اپریل 2016 21:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 اپریل۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لئے چیف جسٹس سپریم کورٹ کی سربراہی میں کمیشن بنائیں، اگر وہ انکار کر دیں تو پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے،مجھے ذاتی طور پر نہیں معلوم کہ وزیراعظم نے فوج سے متعلق کیا بیان دیااور عمران خان کو کس نے بتایا کہ وزیراعظم نے پاک فوج کے مخالف بیان دیا ، اب ہمارے پاس کسی کو مقدس گائے کہنے کا جواز ختم ہو گیا،آرمی چیف نے احتساب کا عمل اپنے گھر سے شروع کر کے اچھی مثال قائم کی باقی لوگوں کو بھی اس پر عمل کرنا چاہیے۔

وہ جمعرات کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں آرمی چیف کے کرپشن کے خلاف اقدامات پر رد عمل کااظہار کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو کس نے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف نے پاک فوج کے مخالف بیان دیا ہے ، اگر نواز شریف نے ایسا کیا ہے تو قابل مذمت ہے، مجھے ذاتی طور پر نہیں معلوم کہ وزیراعظم نواز شریف نے فوج سے متعلق کیا بیان دیا ہے، جس بات کی مکمل تفصیل معلوم نہ ہو اس پر بات نہیں کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نوگوایریاز تھے مگر کچھ لوگ بڑے دعوے کرتے تھے کہ پنجاب میں کوئی نوگوایریاز نہیں ہیں،اب سب نے دیکھ لیا کہ پاک فوج نے کیسے نوگو ایریا کو صاف کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اداروں سے متعلق سیاست نہیں کرنی چاہیے، وزیراعظم چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں کمیشن بنائیں، اگر چیف جسٹس انکار کر دیں تو پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے،آرمی چیف نے تو اپنا احتساب کا عمل شروع کر دیا اب آپ اپنے احتساب کا کیا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ادارے نے گیند ہماری کورٹ میں ڈال دی ہے ،اب ہمیں بھی احتساب کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے احتساب کا عمل اپنے گھر سے شروع کر کے اچھی مثال قائم کی ہے باقی لوگوں کو بھی اپنے گھروں سے احتساب کا عمل شروع کرنا چاہیے۔(اح)

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات