سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام کل ملک گیر ’’یوم مذمت کرپشن‘‘ منایا جائے گا ‘ صاحبزادہ حامد رضا

جمعرات 21 اپریل 2016 21:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل کے زیر اہتمام کل بروز ( جمعہ ) کو ملک گیر ’’یوم مذمت کرپشن‘‘ منائے گی۔ جمعہ کے اجتماعات میں پاناما لیکس کی شفاف تحقیقات کے مطالبے پر مشتمل قراردادیں منظور کی جائیں گی اور کرپشن کے خلاف خطبات جمعہ دئیے جائیں گے۔

آپریشن ضرب احتساب شروع ہونے والا ہے۔ بے رحم احتساب کے بغیر اب ملک نہیں چل سکتا۔ آرمی چیف کا کرپشن مخالف بیان مشورہ نہیں انتباہ ہے۔ چھوٹو گینگ پر قابو پانا فوج کا ایک اور کارنامہ ہے۔ کرپشن سب سے بڑی دہشت گردی ہے۔ ملکی سلامتی کے لیے ہرسطح پر بلاامتیاز احتساب وقت کی ضرورت ہے۔ کراچی میں پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

عسکری قیادت نے کرپشن کے خلاف اعلان جنگ کرکے قوم کے جذبوں کی ترجمانی کی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ میں سنی اتحاد کونسل پنجاب کی مجلس عاملہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ اہل اقتدار عوامی مسائل کے حل کی بجائے کرپشن بچانے میں مصروف ہیں۔ چھوٹو گینگ نے پولیس کی ناہلی اور پنجاب میں گڈگورننس کے دعووں کی قلعی کھول دی ہے۔ را کے ایجنٹوں کے مکمل خاتمے تک دہشت گردی ختم نہیں ہوسکتی۔

پاکستان کا مجموعی قرضہ 18ہزار ارب سے تجاوز کرنا حکمرانوں کی نااہلی کا ثبوت ہے۔ چھوٹوگینگ کے سرپرست سیاستدانوں کو بھی گرفتار کیا جائے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ نواز حکومت کرپشن کے خلاف کچھ نہیں کرسکتی۔ کرپشن کے خلاف بھی فوج ہی لڑے گی۔ جمہوری نظام کے استحکام کے لیے سب کو خود احتسابی کے عمل سے گزرنا ہوگا۔ بلاامتیاز احتساب پوری قوم کا مطالبہ ہے۔

عوام کے مسائل اور حکمرانوں کے وسائل میں اضافہ ہورہا ہے۔ مک مکا کی فضا میں آرمی چیف کا کرپشن مخالف بیان تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ حکمرانوں کی غفلت کی وجہ سے وسائل سے مالا مال بلوچستان ترقی کی دور میں پیچھے رہ گیا ہے۔ ملک میں وڈیرہ شاہی اور سرداری کلچر کے خاتمے کے لیے قانونی سازی کی جائے۔ اجلاس میں صاحبزادہ حسن رضا، صاحبزاد ہ عمار سعید سلیمانی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، سید جواد الحسن کاظمی، صاحبزادہ مطلوب رضا، ارشد مصطفائی، ملک بخش الٰہی،میاں فہیم اختر، پیرمیاں غلام مصطفی،مفتی محمد حسیب قادری، حاجی رانا شرافت علی قادری، صاحبزادہ معاذالمصطفیٰ اور دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :