ڈی سی او لاہور محمد عثمان یونس کی مزار اقبال پر حاضری پھولوں کی چادر چڑھائی ،فاتحہ خوانی

جمعرات 21 اپریل 2016 21:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء ) ڈی سی او لاہور کیپٹن ( ر) محمد عثمان یونس نے کہا ہے کہ علامہ اقبال ایک عہد ساز شخصیت تھے ، دنیا کی کسی زبان میں کوئی بھی ایسا شاعر نہیں گزرا جس کی شاعری نے اپنی زبان کے علاوہ دنیا کی دوسری زبانوں میں بھی عروج حاصل کیا ہو ، علامہ اقبال کو ہم ایک تاریخ ساز ہیرو کہہ سکتے ہیں جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں میں شعور و آگہی پیدا کرنے کے لئے ایسی تحریک پیدا کی جس کے بغیر مسلمانان ہند کے لئے آزادی کا خواب ادھورا تھا ۔

وہ یہاں مزارِ اقبال پر علامہ اقبال کی برسی کے موقع پر پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری اسلام اور مسلمانوں کے لئے مشعل راہ ہے جس نے دنیا کے مسلمانوں کو بالعموم اور برصغیر کے مسلمانوں کو بالخصوص خواب غفلت سے بیدار کیا ۔

(جاری ہے)

عثمان یونس نے کہا کہ علامہ اقبال درحقیقت وہ فکری رہنما تھے جنہوں نے برصغیر میں مسلمانوں کے لئے ایک الگ اور علیحدہ ریاست کے قیام کا مطالبہ پیش کیا ۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال تصور پاکستان کے اس خواب کے خالق تھے جس کی تعبیر قیام پاکستان کی صور ت میں دنیا کے نقشہ پر اُبھری ۔ ڈی سی او نے کہا کہ اقبال یہ سمجھتے تھے کہ روحانی نجات اور سیاسی آزادی کا حصول مسلمانوں کی تقدیر ہے ۔ اسلام اس کی کنجی ہے کیونکہ مسلمانوں کی زندگی میں عقیدے کو مرکز یت حاصل ہے ۔ اسی لئے اقبال اسلام کی ابتدائی تاریخ کو مثالی تصور خیال کرتے تھے ۔ حکیم الامت علامہ اقبال چونکہ اپنی قوم کی کوتاہیوں سے آگا ہ تھے اسی لئے وہ ساری زندگی اپنی شاعری کے ذریعے قوم تک پیغام حق و خودی پہنچاتے رہے ۔ ہمیں ان کی شاعری اور فکر سے رہنمائی حاصل کرکے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔

متعلقہ عنوان :