جذباتی نعرے لگاکر عوام کو بہکانے کا وقت نہیں، قوم کو متحد کیا جائے‘علامہ سبطین سبزواری

عزاداری میں رکاوٹیں ناقابل قبول ہیں، فورتھ شیڈول کو دہشت گردوں کے خلاف استعمال کیا جائے، چھوٹو گینگ نے گوڈ گورننس کے دعووں کو بے نقاب کردیا ہے، فوج نہ آتی تو پولیس کے لئے عزت بچانا مشکل تھا‘ شیعہ علماکونسل کے عہدیداروں سے خطاب

جمعرات 21 اپریل 2016 21:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء ) شیعہ علما کونسل پنجاب اور اسلامی تحریک کے صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے واضح کیا ہے کہ جذباتی نعرے لگاکر عوام کو بہکانے کا وقت نہیں، قوم کو متحد اور مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ یہاں بڑی تنظیمیں بنیں ، لیکن مثبت کام انہوں نے ہی کیا جو نظریہ قیادت و رہبری سے منسلک رہے۔

انہوں نے کہا کہ سید محمد دہلوی، مفتی جعفرحسین مرحوم اورشہید علامہ عارف حسین الحسینی کی جدوجہد کے وارث قائد محبو ب علامہ ساجد علی نقوی ہیں۔اس کے علاوہ جو کوئی بھی ہیں، اپنی جماعتی حیثیت میں ہیں، نمائندہ ولی فقیہہ کی قیادت کے قومی دھارے میں نہیں۔ملتان ، رحیم یار خان، خانپوراور وہاڑی میں شیعہ علما کونسل کے عہدیداروں کے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ تنظیم وحدت و اتحاد اور بقائے باہمی کا درس دیتی ہے۔

(جاری ہے)

علما ، خطبا اور ذاکرین کو توڑنے کا نہیں، عوام کو جوڑنے کا کام کرنا چاہیے۔ یہی درس قرآن اور تعلیمات محمد و آل محمد ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی دانشمندانہ حکمت عملی کے باعث ملک میں انارکی اور خانہ جنگی کا ماحول ختم ہو رہا ہے۔ عسکری اور سیاسی اداروں کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ ملی قیادت نے صبر و تحمل کا مظاہر ہ کیا ، تمام مکاتب فکرکے ساتھ چلے ہیں،اور ان کے مقدسات کا احترام کیا، جس کے باعث ہم اتحاد امت کے پلیٹ فارم پر بیٹھے ہیں اور تکفیری اپنی موت آپ مررہے ہیں، یہ علامہ ساجد علی نقوی کی مدبرانہ قیادت کے اسلوب کے باعث ہے، جس کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

رابطہ عوام مہم کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ ضلعی ، تحصیل اور یونٹ سطح تک تنظیم سازی مکمل کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے بعض مقامات پر عزاداری کے انعقاد میں رکاوٹیں کھڑی کرنا ناقابل قبول ہے، ہم اپنے حقوق کے دفاع کے لئے جان قربان کرنا جانتے ہیں، اور اس حوالے سے ہماری تاریخ گواہ ہے کہ کبھی پشت نہیں دکھائی، ہمیشہ میدان میں مقابلہ کیا ہے۔

شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر نے کہا کہ فورتھ شیڈول کو دہشت گردوں کے خلاف استعمال کیا جائے، شریف شہریوں کو تنگ کرنا غیر انسانی اور بد اخلاقی ہے، جس پر پولیس عمل کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹو گینگ نے حکومت کی گوڈ گورننس کے دعووں کو بے نقاب کردیا ہے، فوج نہ آتی تو پولیس کے لئے اپنی عزت بچانا مشکل ہوچکا تھا۔ پولیس اہلکاروں کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

متعلقہ عنوان :