اورنج لائن ٹرین منصوبے کیخلاف دائر درخواستوں پر پنجاب حکومت ،ایل ڈی اے، محکمہ ماحولیات، محکمہ آثار قدیمہ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری

جمعرات 21 اپریل 2016 21:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء ) لاہور ہائیکورٹ کے دورکنی بنچ نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کیخلاف دائر درخواستوں پر پنجاب حکومت ،ایل ڈی اے، محکمہ ماحولیات، محکمہ آثار قدیمہ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 24اپریل تک جواب طلب کر لیا ۔گزشتہ روز جسٹس عابد عزیز شیخ اور جسٹس شاہد کریم نے درخواستوں پر سماعت کی۔

درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبے کے دوران اب تک 26 سے زائد اموات ہوچکی ہیں،منصوبے سے شہر میں آلودگی کا تناسب خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے،ترقی کے نام پر پورا شہر اکھاڑ دینا کہاں کا انصاف ہے، لاہور کے ہسپتالوں میں بستر نہیں ہے ان حالات میں اورنج لائن ٹرین کیسے بن سکتی ہے،ڈھائی سو ارب روپے صرف دو فیصد لوگوں کے لئے خرچ کیے جارہے ہیں، ٹینڈرجاری کیے بغیر نیسپاک کو منصوبے کاٹھیکہ دیا گیاجو کہ منصوبے کی شفافیت پر ایک بڑاسوالیہ نشان ہے، وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا کیس عدالت میں زیر سماعت ہونے کے باوجود سیمینار میں تنقیدی خطاب کیالہٰذاوزیر اعلی شہباز شریف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے اوراورنج لائن ٹرین منصوبے کو کالعدم قراردینے کا حکم دیا جائے۔

(جاری ہے)

فاضل عدالت نے کیس کی مزید سماعت 24 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔

متعلقہ عنوان :