قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل اور سائنس و ٹیکنالوجی کی طرف سے مختلف معاملات پر کمیٹیوں کی رپورٹیں سینیٹ میں پیش

جمعرات 21 اپریل 2016 21:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل اور سائنس و ٹیکنالوجی کی طرف سے مختلف معاملات پر کمیٹیوں کی رپورٹیں سینیٹ میں پیش کردی گئیں۔ جمعرات کو سینیٹ کے اجلاس کے دوران سینیٹر ایم حمزہ نے قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل کی جانب سے ایل پی جی کی رائیلٹی اکٹھی کرنے اور صوبوں کو ادائیگی کرنے پر خیبر پختونخوا حکومت کے مطالبہ نمبر 8 پر کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔

قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے چیئرمین سینیٹر عثمان سیف اﷲ نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (ترمیمی) بل 2016ء پر کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔ انہوں نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی مالی سال 2015-16ء کے لئے بجٹ تخصیصات اور اس کے استعمال پر کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی۔

(جاری ہے)

قائمہ کمیٹی قواعد ضابطہ کار و استحقاقات سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے جوائنٹ سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے سینٹ کی خصوصی کمیٹی برائے اختیارات کی منتقلی میں غیر ذمہ دارانہ جواب جمع کرانے پر رپورٹ سے ایوان کا استحقاق مجروح ہونے سے متعلق کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔

انہوں نے سیکرٹری وزارت دفاعی پیداوار کی طرف سے متعلقہ وزیر کو بریفنگ میں ناکامی سے ایوان کا استحقاق مجروح ہونے سے متعلق کمیٹی کی رپورٹ بھی ایوان میں پیش کی۔

متعلقہ عنوان :