اداروں کو لڑانے کی سیاست کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے ، کرپشن فری پاکستان وزیراعظم نوازشریف کادیرینہ خواب ہے، مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر کا بیان

جمعرات 21 اپریل 2016 20:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 اپریل۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہاہے کہ اداروں کو لڑانے کی سیاست کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے ۔ماضی میں ایسی حرکتوں نے ملک اورقوم کو ناقبل تلافی نقصان پہنچایا۔تاریخ میں پہلی بار ملک کے چاروں ستون آمریت کا راستہ روکنے اور جمہوریت کو پروان چڑھانے کے لئے متحد ہوئے ہیں ،جمعرات کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ دوادوار سے تمام ادارے اپنے اپنے آئینی دائروں میں رہ کرخدمات انجام دے رہے ہیں اوربلاشبہ اس کے مثبت نتائج برآمدہوئے ہیں لیکن ایسے میں غیرذمہ دارانہ بیانات دے کر بعض آمریت پسندعناصراورغیرملکی ایجنٹ اس اتحادکوپارہ پارہ کرنے کے لئے سرگرم عمل ہوگئے ہیں جوقومی سلامتی اورجمہوریت کے لئے نیک شگون نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان اوردیگرشکست خوردہ اپوزیشن رہنماسیاست میں انتہاپسندی پراترآئے ہیں اوراندھی سیاسی دشمنی میں قائدجمہوریت میاں نوازشریف کی کاروباری دیانت اور سیاسی ساکھ کوتباہ کرنے کے لئے گھناؤناپروپیگنڈہ کررہے ہیں، مسلم لیگ(ن) اور اس کے کارکن اپوزیشن جماعتوں کے ان غیرجمہوری ہتھکنڈوں پر خاموش نہیں رہیں گے اور اس پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن فری پاکستان وزیراعظم میاں نوازشریف کادیرینہ خواب ہے جس کی تعبیر پانے کے لئے وہ جب سے برسراقتدار آئے ہیں دن رات کام کررہے ہیں۔انہوں نے اب تک ملک اور قوم کوجتنے بھی غیرمعمولی اور عالمی معیار کے منصوبے دئیے ہیں ان میں ایک پیسے کی بدعنوانی کا شائبہ تک نہیں ہے۔ان منصوبوں کی شفافیت کو عالمی اداروں نے بھی تسلیم کیا ہے۔ وزیراعظم میاں نوازشریف کا عزم ہے کہ وہ ملک سے کرپشن اور بے قاعدگی کوجڑ سے اکھاڑکرپھینک دیں گے۔اس خواب کی تعبیرکے لئے مسلم لیگ (ن) کے کارکن اورتمام ذیلی تنظیمیں اپنے قائد کے ہمراہ ہیں اوراس ضمن میں کسی بھی قربانی سے گریزنہیں کریں گے۔