بجلی کے بھاری بلوں نے لوگوں کے ہوش اڑا دیے

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعرات 21 اپریل 2016 20:39

چاغی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 21 اپریل۔2016ء ) دالبندین میں کیسکو کے بھاری بلز دیکھ کر لوگوں کے ہوش اڑنے لگے۔ میٹر ریڈرز کی غلط ریڈنگ کے سبب معمولی گھریلو صارفین کو بھی 20 سے 25 ہزار روپے کے بلز بھیجے جانے لگے۔ تفصیلات کے مطابق دالبندین کے وسطی علاقے اورباالخصوص حال ہی میں بجلی سے منسلک ہونے والے نواحی علاقوں فیصل کالونی، ظہور کالونی، سورگل و گردونواح میں بجلی استعمال کرنے والے لاتعداد صارفین بجلی کے بھاری بھرکم بل بھرتے بھرتے تنگ آگئے ہیں لیکن بل ہیں کہ کم ہونے کا نام ہی نہیں لیتے ۔

بجلی استعمال کرنے والے ایک صارف نے جنگ کو بتایا کہ ان کے گھر میں محض چھ لائٹیں ، دو پنکھے اور ایک ٹی وی چلتی ہے لیکن اسے 8 ہزار روپے ایک مہینے کا بل بھیجا گیا جبکہ ایک اور صارف کا کہنا ہے کہ ان کے تین چھوٹے گھرانوں کے لیئے25 ہزار روپے ایک مہینے کا بل بھیجا گیا اسی طرح بے شمار ایسی مثالیں سامنے آئی ہیں جن سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کیسکو اہلکار ہیراپھیری کے ذریعے لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں کیسکو کی دفتر کا چکر کاٹنے والے صارفین نے دعوی کیا ہے کہ کیسکو اہلکار لائن لاسز، بجلی چوری اور اضافی پیسے بچانے کی خاطر سارا بوجھ غریب عوام پر ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں جبکہ کچھ صارفین کا جون بوجھ کر بل نہیں بھیجا جاتا ہے تاکہ ایک بھاری بل کے ذریعے اسے میٹر تبدیل کروانے کے لیئے مجبور کیا جائے جس کے بدلے میں کیسکو اہلکار بھاری رشوت وصول کرکے پھر یہی یونٹس دیگر غریب لوگوں کے کھاتے میں ڈال کر وصولی کرتے ہیں۔

اس سلسلے میں کیسکو حکام کوئی بھی واضح جواب دینے کی بجائے صرف میٹر ریڈنگ کے ذریعے بھاری بھرکم بلز کی تصدیق پر اکتفا ء کر رہے ہیں جس سے لوگوں میں اشتعال میں پھیل رہی ہے۔ متاثرہ صارفین نے کیسکو چیف، متعلقہ ایکسیئن اور حکام بالا سے صورتحال کی نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا تاکہ غریب عوام کا خون چوسنے والے کرپٹ کیسکو اہلکاروں کے خلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :