نیشنل لاجسٹک سیل کا دالبندین میں ٹرکنگ سینٹر بنانے کا فیصلہ

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعرات 21 اپریل 2016 20:39

چاغی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 21 اپریل۔2016ء)نیشنل لاجسٹک سیل نے دالبندین میں کوئٹہ تفتان شاہراہ پر ٹرکنگ سینٹر بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد پاک ایران تجارت اور زائرین کی آمد و رفت کے سلسلے میں ٹرانسپورٹرز کو سہولیات فراہم کرنا ہے اس سلسلے میں این ایل سی ڈرائی پورٹ کے جنرل منیجر کرنل مہتاب نے متعلقہ زمیندارنورمحمد کو 8 لاکھ روپے کا چیک اورانھیں این ایل سی ملازمت کے احکامات دیئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کرنل مہتاب نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے این ایل سی اور متعلقہ زمیندار میں افہام و تفہیم سے معاملات طے پانے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں نہ صرف زمیندار کا تعاون این ایل سی کے ساتھ رہا بلکہ ایف سی بلوچستان دالبندین رائفلز کا مثبت کردار اور پاک فوج کے دوستانہ رویئے کی عمل دخل بھی تھی۔ اس موقع پر ضلع کونسل چاغی کے چیئرمین میر داؤد خان نوتیزئی اور اسسٹنٹ کمشنر دالبندین رزاق ساسولی نے این ایل سی کی جانب سے متعلقہ زمیندار کو مراعات دینے اور دالبندین میں ٹرکنگ سینٹر قائم کرنے کا خیر مقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں اس عمل کے دیرپا اثرات مرتب ہوں گے۔