چھوٹے چھوٹے اہلکاروں نے کمشنر کو بے بس کردیا

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعرات 21 اپریل 2016 20:28

سرگودھا (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 21 اپریل۔2016ء) کمشنر سرگودھا کی ہدایات کے باوجود میونسپل کارپوریشن کے عملے نے شہر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کیخلاف تاحال آپریشن شروع نہیں کیا جس سے قبضہ مافیا کے حوصلے بلند ہوگئے اور سرگودھا شہر کے تمام بازاروں میں دکانداروں نے پھٹہ رکھنے کیلئے بلدیہ کی جانب سے اجازت دیئے گئے تین فٹ جگہ کی بجائے 6 فٹ جگہ پر پختہ دکانیں بنا کر شٹر لگا لئے ہیں جس کی دیکھا دیکھی دیگر دکاندار ایکدوسرے سے آگے سرکاری جگہ پر قبضہ کرکے پختہ شٹرز لگا رہے ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف قبضہ مافیا نے تمام بازاروں پر اپنا کنٹرول حاصل کرلیا ہے اور بلدیہ کے عملہ کو بالکل بے بس کرکے رکھ دیا ہے شہر بھر میں تجاوزات کی وجہ سے کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو شہریوں کا کہنا ہے کہ اس کی ذمہ داری بلدیہ سرگودھا پر ہوگی متعدد بار شہریوں کی جانب سے تجاوزات کیخلاف آپریشن کلین اپ کرنے کی آواز بلند کی گئی مگر بلدیہ حکام نا گزیر وجوہات کی بناء پر تجاوزات کیخلاف آپریشن کرنے سے کترا رہی ہے جس کی وجہ سے قبضہ مافیا نے سرگودھا کے تمام اہم بازاروں میں فٹ پاتھوں پر قبضے کرکے پختہ شٹر لگانے کیساتھ ساتھ ان کے آگے پھٹے رکھنا اور دو فٹ کی جگہ چھوڑ کر سڑک پر سات فٹ کا پھٹہ لگا کر قبضہ کیا ہوا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ سرگودھا میں انتظامیہ نام کی کوئی چیز نہیں ہے افسران گرمی کے باعث ٹھنڈے کمروں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں تجاوزات اور شہری مسائل وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی گڈ گورننس کا منہ چڑا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :