کراچی ،سی پی ایل سی کے 15 رکنی وفد نے ایس ایس یو کمانڈوزکے پیشہ وارانہ معیار کو سراہا

جمعرات 21 اپریل 2016 19:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) سی پی ایل سی چیف سندھ کے سربراہ زبیر حبیب کی سربراہی میں15 رکنی وفد نے سندھ پولیس میں بین الاقوامی معیار کی بہترین پولیس فورس کے قیام کو سراہا اورپولیس کمانڈوز کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے کی جانے والی کاوشوں کی تعریف کی۔ان خیالات کا اظہار15 رکنی وفد نے گزشتہ روز اسپیشل سیکیورٹی یونٹ ہیڈ کوارٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔

مقصود احمد کمانڈنٹ، اسپیشل سیکیورٹی یونٹ نے مختلف شعبوں کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایس ایس یو میں پاکستان کی پہلی اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس ٹیم (S.W.A.T) قائم کردی گئی ہے انھوں نے مزید بتایا کہ بین الاقوامی ادارے UKAS برطانیہ کی جانب سے ایس ایس یو کی اعلیٰ معیار کی کارکردگی کو تسلیم کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی آپریشنز ، اہم تنصیبات واہم قومی وبیرونی شخصیات کو مؤثر حفاظتی سہولت فراہم کرنے پر ISO سرٹیفیکیٹ جاری کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کمانڈنٹ نے بتایا کہ(S.W.A.T) ٹیم کے کمانڈوز بشمول لیڈی کمانڈوز جو کہ جدید اسلحہ ومواصلاتی نظام سے لیس ہیں چوبیس گھنٹے سماج دشمن عناصراور دہشت گردوں کی طرف سے پیدا کی گئی کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیا ر رہتے ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ایس ایس یو کے کمانڈوز کو جدید تربیت فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ دہشت گردوں کی کسی بھی کاروائی کو بروقت ناکام بنا سکیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ کمانڈوز نے اس بات کاعزم کیا ہوا ہے کہ عوام کی جان ومال کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔وفد نے (S.W.A.T) ٹیم کے کمانڈوز کے جانب سے دہشت گردوں کے طرف سے پیدا کی گئی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹر سے نکلنے کی فرضی مشقوں کا مظاہر ہ بھی دیکھا۔ عتیق الرحمن، علی حاجی، زبیر انوری، بابر یونس، زبیر چھایہ، حاجی ابراھیم، عابد عزیر، شبر ملک ، کاشف افتخار، ندیم خان، اختر یونس، سریش کمار، عادل چھاپڑا اور عباس علی وفد میں شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :