شاہ فرمان کی قیادت میں کوہ دامان کے نمائندہ وفد کی پیسکو چیف سے ملاقات

نئے میٹروں کی تنصیب اوور بلنگ اور لوڈشیڈنگ میں کمی لانے کے لئے ایکسین واپڈا کو ذمہ دار ی سونپی گئی

جمعرات 21 اپریل 2016 19:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے آبنوشی شاہ فرمان کی قیادت میں حلقہ پی کے ۔10 کے نمائندہ جرگہ نے جمعرات کے روز پیسکو چیف انوارلحق یوسفزئی سے واپڈا ہاؤس پشاورمیں ملاقات کی اور حلقہ میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اورلائن لاسزکے حوالے سے تفصیلی باہمی مشاورت کی گئی اور واپڈا کے حوالے سے درپیش معاملات کے حل کے لئے حکمت عملی وضع کرنے پر اتفاق ہوا۔

اس موقع پرکوہ دامان کے مکینوں کے ذمہ بقایاجات کی ادائیگی ،نئے میٹروں کی تنصیب اوور بلنگ اور لوڈشیڈنگ میں کمی لانے کے لئے ایکسئن واپڈا کو ذمہ دار ی سونپی گئی کہ وہ حلقہ پی کے۔10 کے ہریونین کونسل کے منتخب نمائندوں کے ساتھ مل بیٹھ کرمسئلے کا قابل قبول حل نکالیں تاکہ بقایاجات کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ لوگوں کو طویل لوڈشیڈنگ کے عذاب سے چھٹکارا مل سکے اورانہیں تسلسل کے ساتھ بجلی فراہم ہوسکے ۔

(جاری ہے)

جرگے کے شرکاء نے پیسکو چیف کامسائل کے حل کی یقین دہانی اوراس ضمن میں صوبائی وزیر شاہ فرمان کی خصوصی دلچسپی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر شاہ فرمان نے جرگہ کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ واپڈا کے عملے کے ساتھ بھر پور تعاون کریں تاکہ بجلی کے مسئلے کادیرپا حل نکل آئے اورعوام طویل لوڈشیڈنگ ،اووربلنگ اوربقایاجات جیسے مسائل سے نجات حاصل کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :