آرمی چیف نے کرپٹ افسران کو برطرف کر کے ملک سے کرپشن کے خاتمے کی بسم اﷲـــ کردی ہے، ڈاکٹر محمد امجد

کرپٹ عناصر فوج کے خلاف پروپیگنڈہ کریں گے مگر قوم پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے، سیکرٹری جنرل اے پی ایم ایل

جمعرات 21 اپریل 2016 19:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل(ر) پرویز مشرف اورسیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کرپٹ افسران کو برطرف کر کے ملک سے کرپشن کے خاتمے کی بسم اﷲـــ کردی ہے۔ملک سے کرپشن کے خاتمے کا آغاز اپنے گھر سے کر کے آرمی چیف نے اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔

کرپٹ عناصر فوج کے خلاف پروپیگنڈہ کریں گے مگر قوم پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔حکمران بھی کرپشن کے خاتمے کا آغاز اپنے گھر سے کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ کرپٹ عناصر ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں۔ہرگزرتے دن کے ساتھ قوم پر قرضوں اور اشرافیہ کے اثاثوں میں تیزی سے اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

عوام مشکلات کی چکی میں پس رہے ہیں۔ایسے میں قوم مایوسی کا شکار ہوتی چلی جارہی تھی مگر فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کے اقدام سے عوام کے مرجھائے ہوئے چہرے کھل اٹھے ہیں۔ایک ایسے وقت میں جبکہ حکمرانوں کی کرپشن کے دنیا بھر میں چرچے ہورہے ہیں جنرل راحیل شریف کے احسن اقدام نے حالات کا پانسہ پلٹ دیا ہے۔آج عوام کو روشنی کی کرن نظر آئی ہے۔

اے پی ایم ایل کے راہنماؤں نے کہا کہ پاک فوج کومقدس گائے کا طعنہ دینے والوں کے منہ بند ہونے چاہئیں ۔ جنرل راحیل شریف نے کرپشن کے خاتمے کا آغاز اپنے گھر سے کردیا ہے اور اب یہ سلسلہ آگے بڑھنا چاہئے۔اب ہرسطح پر احتساب کا عمل شروع ہونا چاہئیے۔انہوں نے کہا کہ اب کرپٹ عناصراپنی اپنی کرپشن بچانے کیلئے پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈہ کریں گے مگر پاک فوج کے حوصلے بلند ہیں کیونکہ قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

متعلقہ عنوان :