علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے جسمانی معذور اور نابینا افراد کیلئے مفت تعلیمی سہولتوں کے منصوبے کو مزید بہتر بنادیا

جمعرات 21 اپریل 2016 18:47

اسلام آباد ۔ 21 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 اپریل۔2016ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے جسمانی معذور اور نابینا افراد کیلئے مفت تعلیمی سہولتوں کے منصوبے کو مزید بہتر بنا دیا ہے۔ خصوصی افراد کو میٹرک تا پی ایچ ڈی سطح کے تمام پروگرام میں مفت داخلے فراہم کئے جاتے ہیں۔ اب ان معذور طلبہ کو درسی مواد لائبریری میں موجود ”ای لرننگ یکسسیبلٹی سینٹر“ کے ذریعہ ارسال کی جائیں گی۔

بہترین سہولتوں کے نتیجے میں یونیورسٹی میں معذور طلبہ کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ فیکلٹی آف ایجوکیشن کو سمسٹر بہار 2016ء کے ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں 20 معذور افراد کے داخلہ فارم موصول ہوچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے منصوبے کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اوپن یونیورسٹی ملک کی واحد جامعہ ہے جو معذور افراد کو میٹرک سے پی ایچ ڈی سطح کی مفت تعلیم فراہم کررہی ہے۔ علاوہ ازیں یونیورسٹی نے نابنیا افراد کو دنیا بھر میں موجود الیکٹرانک لائبریریوں تک رسائی فراہم کرنے کے لئے اپنی مزکری لائبریری میں "ای لرننگ ایکسسیبلٹی سینٹر" قائم کردیا ہے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ پبلک سیکٹرکے تعلیمی اداروں میں یہ پہلی کوشش ہے کہ اس جامعہ نے خصوصی افراد کے لئے اپنی لائبریری میں ای لرننگ کی مفت سہولت فراہم کردی ہے اور ان کے لئے لائبریری میں کمپیوٹر  پرنٹرز  ہیڈ فونز اور مختلف سائفٹ ویئیر کی شہولتیں فراہم کردی ہیں۔

ان سہولیات سے مستفید ہونے کے لئے نابینا طلبہ کے لئے لائبریری میں ایک خصوصی کارنر بنادیا گیا ہے جہاں پر ان کے بیٹھنے کا خصوصی انتظام گیا گیا ہے۔لائبریری میں موجود سہولیات سے نابینا طلبہ کو انٹرنیٹ کے ذریعہ ای مواد تک رسائی حاصل ہوچکی ہے۔انہیں بغیر کسی اضافی چارجز کے ایچ ای سی کی ڈیجیٹل وسائل، ای کتابوں، تحقیقی مضامین، جرنلز اور مقالوں تک بھی رسائی حاصل ہو گئی ہے۔

انہیں لائبریری کے مختلف حصوں بالخصوص ہر شیلف تک پہنچنے کے لئے ویل چئیر کی سہولت بھی فراہم کردی گئی ہے۔وائس چانسلر نے کہا کہ نابینا افراد کے لئے لائبریری میں خصوصی کارنر اور سہولیات فی الوقت یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری میں فراہم کردئیے گئے ہیں جسے بتدریج ملک بھر میں قائم یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر کے لائبریریوں تک توسیع دی جائے گی۔

اس کے علاوہ یونیورسٹی کی لائبریری کے اوقات بڑھا دئیے گئے ہیں ۔ اب لائبریری سوموار سے ہفتے کے دن تک روزانہ صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک کھلی رہتی ہے۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری ایک نیشنل لائبریری بن چکی ہے کیونکہ دیگر تعلیمی اداروں کی طلبہ و طالبات کی ایک کثیر تعداد روزانہ کی بنیاد پر اس قومی لائبریری سے مستفید ہونے آتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :