اطالوی تاجروں کے وفد کی وزیر مملکت برائے سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل سے ملاقات

جمعرات 21 اپریل 2016 18:23

اسلام آباد ۔ 21 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 اپریل۔2016ء) اٹلی کے وزیر خارجہ کے ہمراہ پاکستان کے دورہ پر آئے تاجروں کے وفد نے وزیر مملکت برائے سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل سے ملاقات کی۔ اٹلی کے تاجروں نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی۔ جمعرات کو ہونے والی اس ملاقات کا بنیادی ایجنڈا اٹلی سے سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا تھا۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے لئے اٹلی کی معروف کمپنیوں کے سربراہوں پر مشتمل گروپ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے کے لئے اسلام آباد کے دورہ پر ہے۔ ملاقات میں فیڈرل سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈ، فیڈرل سیکریٹری انڈسٹریز، وزارت پٹرولیم و صنعت کے حکام نے بھی شرکت کی۔ اٹلی کے وفد میں اٹالین بلیلی انجینئرنگ گروپ کے صدر انتھونیو مولیسی، ایشیاء الیکٹرانکس کے نائب صدر پاولو گابورو، توانائی کمپنی ای این آئی کے ایم ڈی گیورگیو پیٹرو اور دیگر معروف اٹالین کمپنیوں کے سربراہان شامل تھے۔