ایس ای سی پی نے وفاقی حکومت کی منظوری سے حصص کی عوامی پیشکش کے قواعد کا مسودہ عوامی آراء کے لئے جاری کر دیا

جمعرات 21 اپریل 2016 18:22

اسلام آباد ۔ 21 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 اپریل۔2016ء) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے وفاقی حکومت کی منظوری سے حصص کی عوامی پیشکش کے قواعد کا مسودہ عوامی آراء کے لئے جاری کر دیا ہے۔ پبلک آفرنگ آف سیکورٹیز رولز 2016ء کا مسودہ سرکاری گزٹ میں شائع کرنے کے ساتھ ساتھ ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب کر دیا گیا ہے۔

دلچسپی رکھنے والے افراد 30 دن کے اندر قواعد کے مسودہ پر اپنی آراء اور تجاویز سے آگاہ کر سکتے ہیں۔ حصص کی عوامی پیشکش پرائمری کیپیٹل مارکیٹ کا اہم جزو ہے۔ حصص کی عوامی پیشکش کے مجوزہ قواعد ایکویٹی اور دیٹ سکیورٹیز دونوں کا احاطہ کرتے ہیں۔ حصص کی عوامی پیشکش کے ذریعے کارپوریٹ ادارے عام سرمایہ کاروں سے عوام سے اپنے حصص جاری کر کے سرمایہ اور فنڈز اکھٹا کرتے ہیں لہذا شیئرز کی عوامی پیشکش کے طریقہ کار کو باقاعدہ ایک ریگولیٹری فریم ورک کے تحت لانا اور اس کو ریگولیٹ کرنا سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لئے نہایت اہم ہے۔

(جاری ہے)

پبلک آفرنگ سیکورٹیز کے قواعد ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) رائٹ اینڈ بونس ایشوز کے ذریعے حصص کی فروخت کرنے والے جاری کنندہ، پیش کنندہ، ان کے سپانسرز اور لسٹڈ کمپنیوں پر لاگو ہوں گے۔ دیگر شرائط کے علاوہ ڈرافٹ رولز، آئی پی او کے ذریعے حصص کی پیشکش کی شرائط، لسٹڈ کمپنیوں کی جانب سے رائٹ اور بونس ایشوز، حصص کی پریمیم اور بونس میں ادائیگی، اکثریتی شراکت دار کی جانب سے حصص کی تحلیل، ڈیٹ سکیورٹیز جیسے امور کے لئے فریم ورک فراہم کرتے ہیں۔

ان کا مقصد حصص کی فروخت اور لین دین کو جدید تقاضوں کے مطابق ریگولیٹ کرنا ہے۔ مزید حصص کی عوامی پیشکش کے نئے قواعد میں کمپنیز (ایشوآف کیپیٹل) رولز 1969ء کا بھی احاطہ کیا گیا ہے۔ امید ہے کہ سکیورٹیز ایکٹ 2015ء کے تحت بنائے جانے والے یہ قواعد کیپیٹل مارکیٹ کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :