ویلڈن آرمی چیف: احتساب کا وقت شروع ہو گیا ،آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے کرپٹ افسران کو برخاست کرنے کے عملی اقدام کے بعد حکمرانوں،کرپٹ سیاستدانوں،بیوروکریٹس کے پسینے چھوٹ گئے ہیں، کرپٹ سیاستدانوں نے خود کواحتساب سے بچانے کیلئے گٹھ جوڑ پر غور شروع کردیا ۔ذرائع۔۔آرمی چیف مہنگائی میں پسی ہوئی عوام کے دل کی آواز بن گئے ہیں۔عوامی حلقے۔۔ ٹویٹر پر تھینک یو راحیل شریف ٹویٹرٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے،سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے آرمی چیف کے اقدام کو قابل تحسین قرار دیدیا، پاناما لیکس والے آرمی چیف کے اس اقدام کی زد میں ہی نہیں بلکہ اس کے نیچے آجائینگے۔چوہدری پرویز الٰہی،سید خورشید شاہ،سراج الحق،عمران خان،فاروق ستار و دیگر کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 21 اپریل 2016 18:08

ویلڈن آرمی چیف: احتساب کا وقت شروع ہو گیا ،آرمی چیف جنرل راحیل شریف ..

لاہور( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ ثناء اللہ ناگرہ سے۔21اپریل۔2016ء) :آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے 12کرپٹ افسران کو برخاست کرنے کے عملی اقدام کے بعد حکمران جماعت مسلم لیگ(ن)،پیپلزپارٹی کی قیادت سمیت کرپٹ سیاستدانوں،بیوروکریٹس،سرکاری افسران کے پسینے چھوٹ گئے ہیں،آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فوج میں احتسابی عمل کا آغاز کرکے کرپشن کی دلدل میں بسیرا کرنے والوں کو پیغام دیا ہے کہ احتساب کا وقت شروع ہو گیا ہے ،کوئی بھی آئین و قانون سے بالا نہیں ہے ،اوپر سے لے کر نچلی سطح تک بلاتفریق احتساب ہونا چاہیے۔

دوسری جانب آرمی چیف کے اس خوش کن اقدام کے بعد پاناما لیکس کے الزامات پر وزیراعظم محمد نواز شریف نے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس بلایا جس میں سخت ترین احتساب کا سامنا کرنے کی تیاری پر غور کیا گیا،اجلاس میں دوسری جماعتوں سے ملکر تحقیقاتی احتسابی کمیشن بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے حکمران جماعت کے ایک بار پھر سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر متحد ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

جہاں آرمی چیف نے ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کیلئے احتساب کا عمل شروع کیاہے وہاں تمام کرپٹ لیڈران،سیاستدانوں نے خود کواحتساب سے بچانے کیلئے اس عمل کے خلاف گٹھ جوڑ پر غور شروع کردیا ہے۔ماہرین کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف پروفیشنل فوجی آفیسر ہیں اور شہیدوں کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔انہیں وطن کی مٹی سے اس قدر محبت ہے کہ پاک سرزمین کے تقدس اور حرمت پر آنچ نہیں آنے دینگے۔

ویسے تو فوج میں احتساب کا عمل جاری رہتا ہے لیکن آرمی چیف نے جو کہا وہ کردکھایا۔ملک میں دہشگردی کی کمرتوڑنے کے بعد اب کرپشن کو بھی جڑ سے اکھاڑنے ابتدا کردی گئی ہے جو کہ نہایت ہی قابل ستائش اور قابل تحسین اقدام ہے،انہوں نے کہا اب وقت ہے کہ یہ سلسلہ رکنے نہ پائے ۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ عمل ماضی میں ہی شروع ہوجاتا تو آج ملک میں نہ دہشت گردی ہوتی اور نہ ہی ہمارے اداروں میں کرپشن کی لعنت پائی جاتی۔

آرمی چیف کے فوجی افسران کی برطرفی کے کچھ دیر بعد ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر تھینک یو راحیل شریف ٹویٹرٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ جنرل راحیل شریف اپنے گھر سے احتساب کا عمل شروع کر کے مہنگائی میں پسی ہوئی عوام کے دل کی آواز بن گئے ہیں۔عوام کو آرمی چیف پر بہت زیادہ امیدیں وابستہ ہیں۔جنرل راحیل شریف کو چاہیے کہ نہ صرف کرپٹ حکمرانوں کا احتساب کی جائے بلکہ قوم کا لوٹا ہوااربوں کھربوں کا پیسہ بھی ملک میں واپس لایا جائے۔

عوام کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے جس طرح ملک میں دہشتگردوں کا صفایا کیا ہے اسی طرح کرپشن اور کرپٹ افراد کا بھی صفایا کیا جائے۔آرمی چیف کے مثبت اقدام کو مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی قابل تحسین قرار دیا ہے۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے فوج کے کرپٹ افسران کو برخاست کرکے اپنے گھر سے شروع کیا ہے اب حکمرانوں کو بھی احتساب کا عمل شروع کردینا چاہیے۔

مسلم لیگ(ق)کے مرکزی رہنماء چوہدری پرویز الٰہی نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے کرپشن کے خلاف عملی اقدام پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن مبارک دن ہے، جنرل راحیل شریف کا اقدام کرپشن فری معاشرے کی تشکیل کی جانب پہلا قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس والے آرمی چیف کے اس اقدام کی زد میں ہی نہیں بلکہ اس کے نیچے آجائینگے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل تحسین ہے کہ انہوں نے گھر سے صفائی کا کام شروع کیا۔

اب سہولت کار بھی جیل میں جائینگے۔چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کو کرپشن کے خلاف عملی اقدام پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ان کے اس اقدام کی بھرپور حمایت کرتے ہیں آرمی چیف کے اس اقدام کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنماء فاروق ستار نے کہا ہے کہ آرمی چیف کا کرپشن کے خلاف عملی اقدام جرات مندانہ اور خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو بھی چاہیے سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھیں۔منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔کرپشن عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں بھی اسی طرح کا احتسابی عمل ہونا چاہیے۔امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے آرمی چیف کی طرف سے کرپٹ افسران کو برطرف کرنے کے اقدام کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب پاکستان کو کرپشن فری ملک بننے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی ،سب سے پہلے جماعت اسلامی خود کو احتساب کیلئے پیش کرتی ہے ،سیاسی جماعتیں اپنے اندر سے کرپٹ اور بدیانت لوگوں کا صفایا کریں ۔

انہوں نے کہا کہ اب سیاستدانوں اور موجودہ و سابقہ حکمرانوں کو بھی اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کرنا چاہئے ۔ملک کی لوٹی گئی کھربوں ڈالرز کی رقم واپس آنی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن روکنے کیلئے احتساب کے اداروں کو اپنا موثر کردارادا کرنا ہوگا۔کرپٹ اور بدیانت مافیازکو احتساب کے کٹہرے میں آنا ہوگا۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاکہ نواز شریف نے بھارتی وزیراعظم مودی سے ذاتی تعلقات قائم کیے۔

را کے افسر کی گرفتاری پر کوئی بیان نہیں دیاگیا۔حکومت عالمی سطح پر فوج کو بدنام کررہی ہے۔آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر)پرویزمشرف نے کہا کہ احتساب گھر سے شروع کرکے فوج نے اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔عوام فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔اب کرپٹ سیاسی عناصر فوج کے خلاف متحد ہوجائینگے۔تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فوج نے اچھا قدم اٹھا کر ابتدا کی ہے اب قوم حکومت سے احتساب کی توقع کر رہی ہے۔