ہیٹ اسٹروک سے نمٹنے کیلئے بلدیہ شرقی میں تمام انتظامات مکمل کرلیئے گئے ہیں،ایڈمنسٹریٹر

جمعرات 21 اپریل 2016 17:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اللہ شیخ نے کہا کہ متوقع ہیٹ اسٹروک سے نمٹنے کیلئے تمام افسران وملازمین خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر اپنے فرائض سرانجام دیں ، عوام کو ریلیف کی فراہمی ہمارا اولین فریضہ ہے اور محکمہ موسمیات کی متوقع پیشن گوئی کے بعد بلدیہ شرقی کے تمام اسٹاف ہائی الرٹ رہیں گے، اس سلسلے میں تمام افسران و ملازمین ہفتہ وار چھٹیوں کے دوران بھی اپنی فرائض کی انجام دہی کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ شرقی کے تمام محکمہ جاتی افسران کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر میونسپل کمشنر وسیم مصطفی سومرو، قائم مقام سپرٹینڈنگ انجینئر مبین شیخ کے علاوہ محکمہ جاتی سربراہان اور ہیلتھ اور محکمہ تعلیم کے تمام متعلقہ افسران موجود تھے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی 22 اپریل تا 25 اپریل تک ہیٹ اسٹروک کی پیشن گوئی کے بعد بلدیہ شرقی کے دونوں زونز میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ، اس سلسلے میں بلدیہ شرقی نے متوقع ہیٹ اسٹروک سے نمٹنے کیلئے قبل از وقت ہی انتظامات مکمل کرلیئے تھے جس میں صحت کے مراکز میں ایئر کنڈیشنز، میڈیسن، منرل واٹر، گلوگوز وغیرہ کو وافر مقدار میں جمع کرلیا گیا ہے تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ،جبکہ شجرکاری مہم کے ساتھ ساتھ تمام سول سوسائیٹیز کو آن بورڈ لے کر اقدامات یقینی بنائے گئے ہیں ، اس کے علاوہ ہیلتھ کے حوالے سے بلدیہ شرقی میں ہیٹ اسٹروک کے متاثرین کیلئے چار میٹرنیٹی ہومز میں صحت کے مراکز قائم کیئے گئے ہیں جس میں سولجر بازار میٹرنیٹی ہوم، محمود آباد میٹرنیٹی ہوم، سندھی مسلم ہیلتھ سینٹر اور پی آئی بی میٹر نیٹی ہوم میں ہیٹ اسٹروک کے متاثرین کیلئے قبل از وقت انتطامات یقینی بنالیئے گئے ہیں ۔

اس کے علاہ ہیٹ اسٹروک سے بچاوٴ کیلئے کیمپس لگانے کے انتظامات بھی مکمل ہیں بالخصوص بس اسٹاپ ، چورنگیوں اور چوراہوں پر کیمپس کا انعقاد کیا جائے گا ، ایڈمنسٹریٹر رحمت اللہ شیخ نے اس موقع پرکہا کہ کہ شجرکاری مہم و آگاہی مہم کیلئے مستقل بنیادوں پر اقدامات جاری رہیں گے ، اس کے علاوہ اسکول ، کالجز اور یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کے ساتھ مل کر شجرکاری و آگاہی مہم کو آگے بڑھایا جا رہاہے ۔ہیٹ اسٹروک یا کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں عوام اپنی شکایات بلدیہ شرقی کے مرکزی دفتر کے رابطہ نمبر 99230355-9 اور جمشید ذون کے مکین 99225111 پر درج کرواسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :