کراچی ،ڈیفنس اور گلشن حدید میں ٹریفک حادثات ،خواتین اور بچوں سمیت 24افراد زخمی

واقعہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ، حادثے کا ذمہ دار بس ڈرائیور ہے جو کہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا

جمعرات 21 اپریل 2016 17:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) کراچی کے علاقے ڈیفنس اور گلشن حدید میں صبح ٹریفک حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 24 افراد زخمی ہوگئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیاہے۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح ڈیفنس کے علاقے خیابان شمشیر ٹریفک سگنل کے قریب کار اور کوچ میں تصادم سے کوچ الٹ گئی جس کے نتیجے میں 16 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیاگیا۔

(جاری ہے)

اس واقعہ میں 25 سالہ فیضان، 28 سالہ واجد،29 سالہ دلدار، 30 سالہ صابر،30 منیر الرحمن،22 سالہ یاور،25 سالہ احسان، 20 سالہ نذر،27 سالہ ضمیر، 24 سالہ اسد، 26 سالہ بہاول، 25 سالہ سید امین، 21 سالہ جاوید، 22 سالہ ندیم اور 23 سالہ فیصل زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ واقعہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا اور حادثے کا ذمہ دار بس ڈرائیور ہے جو کہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس نے بس کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔ ادھر گلشن حدید فیز I میں دو گاڑیوں میں تصادم کے باعث 8 افراد زخمی ہوگئے۔ جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیاگیا۔ پولیس نے بتایا کہ زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :