نیوٹک نے پرائم منسٹر یوتھ سکلز ڈیولپمنٹ پروگرام کے تیسرے مرحلے کا آغاز کردیا

جمعرات 21 اپریل 2016 17:28

اسلام آباد ۔ 21 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 اپریل۔2016ء) قومی کمیشن برائے پیشہ ورانہ و تکنیکی تربیت (نیوٹک) نے پرائم منسٹر یوتھ سکلز ڈیولپمنٹ پروگرام کے تیسرے مرحلے کا آغاز کردیا ہے۔ تیسرے مرحلے کے تحت داخلے 2 مئی سے18 مئی تک ہوں گے۔ نیوٹک کے ترجمان کے مطابق اس پروگرام کے تحت ملک بھر میں سرکاری اور پرائیویٹ اداروں میں 25 ہزار نوجوانوں کو چھ ماہ کا کورس کروایا جائے گا۔

نوجوانوں کو فنی تربیت بلامعاوضہ دی جائے گی۔

(جاری ہے)

تربیت کے دوران تین ہزار روپے ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فنی تربیت کے بعد نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔ فاٹا سے تعلق رکھنے والے طلباء و طالبات کو 4 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ پروگرام کے مطابق تربیتی کورس مکمل کرنے والوں کو بلاسود قرضے بھی فراہم کئے جائیں گے۔ کورسز کے دوران ہنر مندی کے مقابلے منعقد کرائے جائیں گے جن میں جیتنے والوں کو نقد انعامات بھی دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورسز کے اختتام پر مخصوص ٹریڈز میں ٹول کٹس فراہم کی جائیں گی ۔ دینی مدارس سے تعلق رکھنے والے طلباء بھی داخلے کے اہل ہوں گے۔