چیف آف آرمی سٹاف نے کرپشن کے خلاف درست قدم اٹھایا ہے

سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم کی میڈیا سے بات چیت

جمعرات 21 اپریل 2016 17:13

اسلام آباد ۔ 21 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 اپریل۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اتفاق رائے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا، امریکہ کسی کا دوست نہیں، گلف ممالک کے اندر اس کے ذاتی مفادات ہیں، آرمڈ فورسز حکومت پاکستان کا حصہ ہیں، چیف آف آرمی سٹاف نے کرپشن کے خلاف درست قدم اٹھایا ہے۔

جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ریٹائرڈ جج پر مشتمل کمیشن بنایا جائے لیکن اپوزیشن جماعتیں اس پر اتفاق نہیں کر رہیں جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اس حوالے سے مذاکرات جاری ہیں، اس مسئلہ کا اتفاق رائے سے حل نکالا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے امریکہ کے صدر اوباما کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے کہا کہ کچھ دن پہلے سعودی عرب کی طرف سے بیان سامنے آیا تھا کہ وہ امریکہ کے بنکوں میں پڑے اپنے اربوں ڈٰالر نکالے گا جس کے بعد امریکہ کے صدر سعودی عرب کے دورہ پر ہیں، دراصل امریکہ کسی کا دوست نہیں وہ گلف ممالک کے اندر اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دے رہا ہے۔

اس سے قبل امریکہ کے ایران کے ساتھ اختلافات تھے لیکن اب پابندیوں کے خاتمہ کے بعد تعلقات بحال ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ داعش بھی امریکہ کی پیداوار ہے، مسلم دنیا اب ان کی چال سمجھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے فوج کے اندر کرپشن میں ملوث 11 افسران کے حوالے سے درست قدم اٹھایا۔ جن افسران نے جنگ کے دوران جوانوں کی قیادت کرنی ہو اور قیادت کرنے والے کرپشن میں ملوث ہوں تو اس طرح کے افسران کا کون حکم مانے گا۔ انہوں نے کہا کہ آرمڈ فورسز حکومت پاکستان کا حصہ ہین، کرپشن قومی مسئلہ ہے، اس حوالے سے آرمڈ فورسز کی طرف سے جو ابتداء کی گئی ہے، وہ درست ہے۔

متعلقہ عنوان :