کوئلے اور سولر پاور ذرائع سمیت انرجی مکس منصوبوں کے ذریعے توانائی بحران کے خاتمے کے لئے کوشاں ہیں‘چوہدری شیر علی خان

جمعرات 21 اپریل 2016 16:55

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء) صوبائی وزیر معدنیات و کان کنی چوہدری شیر علی خان نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں بجلی کی پیداوار کا 40 فیصد کوئلے سے حاصل کیا جا رہا ہے جبکہ پاکستان میں کوئلے کے کثیر معدنی ذخائر کو استعمال میں لا کر توانائی بحران کے خاتمے کے لئے بھر پور اقدامات کئے جا رہے ہیں، توانائی کا بحران پاکستان کی معاشی نشو و نما کو متاثر کر رہا ہے لہٰذاکوئلے سے بجلی کی پیداوار کے ساتھ ساتھ سولر اور انرجی مکس پر مبنی قابل تجدید ذرائع سے بھر پور استفادہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے یہ بات انرجی ماہرین اور صنعتی شعبے سے وابستہ افراد پر مشتمل ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ حکومت پنجاب کوئلے اور سولر پاورذرائع سمیت انرجی مکس کے عمل کو فروغ دینے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

پنڈ دادنخان میں مقامی کوئلے سے 300 میگا واٹ کول فائر ڈپاور پلانٹ پر کام تیزی سے جاری ہے ،منصوبہ اگلے سال مکمل ہو جائے گا - منصوبے کے دوسرے مرحلے میں چوا سیدن شاہ میں سیمی میکانائز ڈ کان کنی کے ذریعے روزانہ 6ہزار ٹن کوئلہ تیار کیا جائے گا ۔

ان دونوں منصوبوں پر سرمایہ کاری چینی کمپنیاں کر رہی ہیں جس کا مجموعی حجم 70بلین روپے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کان کنی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کروائی گئی ہے تاکہ سالٹ رینج میں موجود کم پیداواری لاگت پر مبنی کوئلے کے 600ملین ٹن ذخائر سے بھر پور استفادہ کیا جا سکے ۔چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ چین پاکستان اکنامک راہداری میں توانائی کی پیداوار کے منصوبے خصوصی اہمیت کے حامل ہیں تاکہ ملکی معیشت کو فروغ حاصل ہو سکے اور روز گار کے نئے مواقع پیدا ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں 1320 میگا واٹ ،پورٹ قاسم میں 1320 میگا واٹ کول پاور پلانٹ بھی کوئلے سے آپریشل ہونگے جبکہ جامشورو پاور پلانٹ کو بھی کوئلے پر منتقل کیا جا رہا ہے ۔ چوہدری شیر علی خان نے کہا کہ قائد اعظم سولر پاور پارک میں شمسی توانائی سے چلنے والے 100میگا واٹ کے پلانٹ نے بجلی کی پیداوار کا آغاز کر دیا ہے ۔اس کے علاوہ حویلی بہادر شاہ ، بھککی اور بلوکی کے مقام پر گیس سے چلنے والے تھرمل پاورپلانٹس پر بھی کام جاری ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے ملک میں جاری توانائی بحران کا جلد از جلد خاتمہ ممکن ہو جائے گا اور ملکی معیشت کا پہیہ پوری قوت سے ترقی کے سفر پر رواں دواں ہو جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :