صدر مملکت ممنون حسین سے اطالوی وزیر خارجہ پاؤلو جینٹی لونی کی ملاقات

جمعرات 21 اپریل 2016 16:52

اسلام آباد ۔ 21 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 اپریل۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اور اٹلی کے درمیان بالخصوص تجارتی اور اقتصادی میدان میں باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لئے پرعزم ہے، پاکستان نے اپنی آٹو موبائل انڈسٹری کو متنوع بنانے کے لئے نئی آٹو موبائل پالیسی کا حال ہی میں اعلان کیا ہے جس کے تحت اطالوی کارساز ”فیئٹ“ اور موٹر سائیکل بنانے والی ”پیاگو“ کمپنیاں پاکستان کی پرکشش مارکیٹ سے استفادہ کر سکتی ہیں۔

انہوں نے یہ بات اطالوی وزیر خارجہ پاؤلو جینٹی لونی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعرات کو ان سے ملاقات کی۔ صدر نے کہا کہ اٹلی یورپ میں پاکستان کا تیسرا بڑا اور عالمی سطح پر ٹاپ ٹین تجارتی شراکت دار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اطالوی کاروباری اداروں کو پاکستان کے ساتھ کاروبار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے۔

صدر نے اپریل 2016ء میں ”پاکستان ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ فورم“ کے انعقاد پر اطالوی جانب سے تعاون اور معاونت کو سراہا۔ صدر نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس لعنت کا سب سے بڑا شکار رہا ہے اور اس نے 60 ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور 100 ارب ڈالر سے زائد اقتصادی نقصان اٹھایا ہے۔ صدر نے اس بات پر زور دیا کہ آپریشن ضرب عضب آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور اس لعنت کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کے لئے طالبان اور افغان حکومت کے درمیان بات چیت میں سہولت کے لئے مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے، امید ہے کہ چہار جہتی گروپ کی کوششوں کے جلد مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن سے پورے علاقے میں امن یقینی ہوگا۔

صدر نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو یکساں مقام حاصل ہے اور ملک کے آئین میں ان کے ساتھ کوئی امتیاز روا نہیں رکھا گیا۔ صدر نے قائداعظم محمد علی جناح کی تقریر کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے دوٹوک طور پر کہا تھا کہ تمام اقلیتوں کو ملک میں یکساں حقوق حاصل ہیں۔ صدر نے کہا کہ اٹلی میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کے مزید فروغ میں پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔

صدر نے اس امر کو اجاگر کیا کہ پاکستان اور اٹلی متعدد علاقائی اور عالمی امور بالخصوص دہشت گردی کے مسئلہ اور اقوام متحدہ سلامتی کونسل اصلاحاتی عمل کے حوالے سے یکساں موقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام معاملات پر مل کر کام کرتا رہے گا۔ صدر نے پاکستان کو وسیع تر مارکیٹ رسائی کی فراہمی پر یورپی یونین میں اٹلی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان امید رکھتا ہے کہ اٹلی یورپی یونین میں جی ایس پی پلس جاری جائزہ عمل میں حمایت جاری رکھے گا۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ ”اتفاق رائے کے لئے اتحاد“ (یو ایف سی) گروپ کے ارکان ہونے کی بناء پر اٹلی اور پاکستان سلامتی کونسل اصلاحات کے معاملہ پر مل کر کام کر رہے ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اطالوی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان شاندار تعلقات استوار ہیں۔ انہوں نے زراعت، توانائی، فوڈ پروسیسنگ اور آٹو موبائل کے شعبوں میں موجود صلاحیتوں کو مربوط انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔

اطالوی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس مشترکہ چیلنج سے مل کر نبرد آزما ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاؤلو جینٹی لونی نے اٹلی میں مقیم پاکستانی برادری کے مثبت کردار اور خدمات کو بھی سراہا۔

متعلقہ عنوان :