راشد محمود بٹ ایف آئی ایچ ہاکی اکیڈمی کے ایمپائر ایجوکیٹر کا اعزاز پانے والے پہلے پاکستانی بن گئے

جمعرات 21 اپریل 2016 16:48

لاہور۔21 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 اپریل۔2016ء )سپورٹس آفیسر پاکستان ریلوے سپورٹس بورڈ اور ایف آئی ایچ امپائر مینجر راشد محمود بٹ نے ہاکی کا ایک اور اعزاز حاصل کرلیا۔ وہ پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے ایف آئی ایچ ہاکی اکیڈمی کے امپائرز ایجوکیٹر کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے یہ اعزاز حالیہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے دوران ورلڈ ہاکی اکیڈمی کے زیر اہتمام منعقدہ امپائرز ایجوکیٹر کورس میں شرکت کرنے کے بعد حاصل کیا۔

اس سے قبل وہ ایف آئی ایچ کے امپائر مینجر اور امپائرز کوچنگ کورس کنڈکٹر بھی رہ چکے ہیں۔ نائب صدر ریلوے سپورٹس بورڈ پروفیسر ڈاکٹر فرحان عبادت یار خان، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر آفتاب اقبال چوہدری، سابق اولمپیئن و ہیڈ کوچ پاکستان ہاکی ٹیم خواجہ محمد جنید، اکاؤنٹس آفیسر ملک اکرم اعوان، سید نجم السعید، اقبال بٹ، مشتاق ٹوانہ، حنا کنول، سیکرٹری جنرل پاکستان سپورٹس مین ویلفیئر ایسوسی ایشن منظور علی عارف اور بہت سے کھلاڑیوں نے ہاکی کے میدان میں ایک اور عالمی اعزاز حاصل کرنے پر راشد محمود بٹ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بڑا کارنامہ ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ راشد محمود بٹ اسی طرح کھیل اور کھلاڑیوں کی خدمت کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

پروفیسر فرحان عبادت یار خان نے کہا کہ راشد محمود بٹ کا عالمی اعزاز حاصل کرناریلوے کے لئے فخر کی بات ہے۔ ریلوے کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے ہمیشہ ہی ریلوے اور پاکستان کا نام روشن کیا ہے ۔یہ بجا طور پر خراج تحسین کے مستحق ہیں۔