مقامی تاجروں کی معاونت سے ٹریفک وارڈنز میں روزانہ 500ٹھنڈے پانی کی بوتلیں تقسیم کرنے کا سلسلہ شروع

وارڈنز کو ٹھنڈے پانی کی فراہمی کیلئے چند روز تک2موبائل کینٹین کابھی آغاز کردیاجائے گا‘ سی ٹی او لاہور طیب حفیظ چیمہ

جمعرات 21 اپریل 2016 16:35

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء)چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ٹریفک وارڈنز کی فلاح وبہبود کیلئے بھی ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ موسم کی شدت کے باوجود وارڈنز کی کارکردگی قابل تحسین ہے ،ٹریفک وارڈنز موسمی حالات کی پرواہ کےئے بغیر سڑکوں پر شہریوں کی خدمت اور مدد کرتے ہوئے نظر آئیں۔

سی ٹی اونے کہا کہ مقامی تاجروں کی معاونت سے شہرکے مختلف علاقوں میں روزانہ 500ٹھنڈے پانی کی بوتلیں تقسیم کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے جبکہ ٹریفک سیکٹرزاورپوائنٹس ڈیوٹی پر مامورٹریفک وارڈنز کو ٹھنڈے پانی کی فراہمی کیلئے آئندہ چند روز تک 2موبائل کینٹین کا آغاز کر دیاجائے گا۔ وارڈنز ٹھنڈے پانی کے حصول کیلئے اپنی بوتلیں ساتھ رکھیں ،ٹریفک کی روانی اور اہلکاروں کی سہولیات کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کا رلائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ گرمی کا موسم آتے ہی وارڈنز کیلئے پینے کے ٹھنڈے پانی اور چھتریوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کےئے جا رہے ہیں۔انہوں نے ایس پی ہیڈ کواٹرز امتیاز الرحمن اور آر آئی لائنز کو حکم دیا ہے کہ جلدازجلدڈیوٹی پوائنٹس پر ہر وارڈن کو پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے 2موبائل کینٹین شروع کریں جو ڈویژن وائز باقاعدگی سے شہر بھر کے سیکٹرز اور پوائنٹس ڈیوٹی پر مامور ٹریفک اہلکاروں کو ٹھنڈا پانی پہنچائیں گی ۔

انہوں نے ایس پی ہیڈ کواٹرز اور آر آئی لائنز کو ہدایت کی کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں ہوگی جبکہ سڑکوں پر ڈیوٹی کرنے والے اہلکاروں کیلئے چھتریوں کا بھی فوری اور مناسب بندوبست کریں تاکہ گرمی میں وارڈنز اپنی ڈیوٹی احسن طریقے سے انجام دے سکیں۔انہوں نے وارڈنز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی پانی کی بوتلیں ہمراہ رکھیں تاکہ تمام اہلکاروں کو بروقت پانی فراہم کیا جا سکے۔