ڈیرہ، ڈی آر سی کے قیام سے مقامی نوعیت کے تنازعات تیزی سے حل ہو رہے ہیں ،سہیل احمد اعظمی

جمعرات 21 اپریل 2016 16:32

ڈیرہ اسما عیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 اپریل۔2016ء)ضلعی تنازعاتی مصالحتی کمیٹی کے ممبر سہیل احمد اعظمی نے کہا ہے کہ ڈی آر سی کے قیام سے مقامی نوعیت کے تنازعات تیزی سے حل ہو رہے ہیں جس سے تھانوں پر تنازعات کے حوالے سے عوامی دباؤ میں کمی ہوئی ہے اور پولیس کو جرائم سے نمٹنے کے لیئے بھرپور توجہ مبذول کرنے کا موقع ملا ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈی آر سے کے مطالعاتی دورے پر آئے مہمانوں سے گفتگو کے دوران کیا، ڈی آر سی کے ممبر ڈاکٹر وحید اللہ خان علی زئی، حمید اللہ خان، اے ایس آئی سجاد حسین، ہیڈ کانسٹیبل شاہنواز، سپاہی عبدالرحمان، سپاہی وارث اور کمپیوٹر آریٹر محمد عمر بھی اس موقع پر موجود تھے، انہوں نے کہا کہ گذشتہ سولہ ماہ کے دوران ڈی آر سی کو مجموعی طور پر پانچ سو اسی تنازعات کے سلسلے میں درخواستیں موصول ہوئیں ، جن میں دو سو ترپن درخواستیں زمینی تنازعات ، ایک سو اکتا لیس رقم کے لین دین کے تنازعہ، ترپن لڑائی جھگڑے اور ایک سو تینتیش خاندانی تنازعات سے متعلق تھیں، انہوں نے کہا کہ ضلعی تناعاتی مصالحتی کمیٹی مجموعی طور پر اکیس ممبران پر مشتمل ہے تاہم روزانہ تین ممبران باقائدگی سے دفتر میں موجود ہوتے ہیں ، عوامی درخواستوں پر کارروائی کی جاتی ہے، فریقین کا موقف سنا جاتا ہے اور تین سے پانچ پیشیوں کے بعد تنازعہ کو حل کردیا جاتا ہے انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر پاس سو اسی درخواستوں میں سے تاحال پانچ سو ستاون درخواستوں پر فیصلے سنادئے گئے ہیں اور یوں یہ تنازعات فریقین کی باہمی رضا مندی اور ڈی آر سی کے فیصلے سے حل ہوگئے ہیں، انہوں نے اس موقع پر یو این ڈی پی کے ممبر سردار بہادر کو خوش آمدید کہا اور ان کی جانب سے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے حوالے سے پیش کئے گئے تعاون کا خیر مقدم کیا ۔